صورتحال مزید کشیدہ ہوئی تو پاکستان واشگاف الفاظ میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہوگا، خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی مزید شدت اختیار کرجاتی ہے اور لڑائی میں توسیع ہوتی ہے تو پاکستان اور ترکیہ واشگاف الفاظ میں عملی اور سفارتی طور پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران مکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے ایک سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ دفاعی معاہدے میں بڑے واضح طور پر پوزیشن ہے کہ کوئی ملک اس سہ فریقی معاہدے میں اس کی سلامتی یا جغرافیائی حدود کی خلاف ورزی ہو تو باقی دونوں ملکوں پر بھی یہ لاگو ہوگا اور تینوں ممالک مل کر اس جارحیت کا مقابلہ کریں گے اور میرے خیال میں وہ صورت حال بالکل آچکی ہے۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اگر معاہدہ نہ بھی ہو مگر سعودی عرب اور خاص طور پر ہمارے مقدس مقامات پر حملہ ہو تو ہم پابند ہیں اور خدا کے گھر مدینہ منورہ کی حفاظت ہمارا مذہبی فریضہ ہے، دنیاوی معاہدے ہوتے ہیں اور اس کی اہمیت بھی ہوتی ہے، ہم اس کو بھی مانتے ہیں لیکن خانہ خدا اور جس شہر میں حضورﷺ کی ولادت ہوئی ہے، وہاں حملہ ہوگا تو کوئی بھی مسلمان دنیا میں جہاں بھی بیٹھا ہوگا اس کو کسی معاہدے کا انتظار یا کسی معاہدے کو فعال کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس کا تحفظ ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔

