پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے جنرل سیکریٹری راجہ اسد پرویز کو امریکہ میں اہم ذمہ داری سونپ دی گئی

بطور سیاسی مشیر برائے وزیراعظم آزاد کشمیر تقرری، اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل اور مؤثر نمائندگی کے عزم کا اظہار

بروکلین،، نیویارک (منظور حسین سے) آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر نے امریکہ میں مقیم معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے جنرل سیکریٹری راجہ اسد پرویز کو ایک اہم ذمہ داری سونپتے ہوئے انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر کا سیاسی مشیر برائے امریکہ مقرر کر دیا ہے۔ وزیراعظم سیکریٹریٹ مظفرآباد کی جانب سے 3 جون 2026ء کو جاری ہونے والے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے راجہ اسد پرویز کی بطور سیاسی مشیر برائے امریکہ اعزازی بنیادوں پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق راجہ اسد پرویز، جو ریاست نیویارک کے شہر پومونا میں مقیم ہیں، امریکہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے نمائندہ اور سیاسی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس تقرری کا مقصد امریکہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنانا، مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششوں کو فروغ دینا ہے۔راجہ اسد پرویز کی تقرری پر امریکہ بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اقدام کو ان کی طویل سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کا اعتراف قرار دیا ہے۔دنیا انٹرنیشنل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راجہ اسد پرویز نے اپنی تقرری پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور آزاد کشمیر حکومت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی مشیر برائے وزیراعظم آزاد کشمیر ان کی اولین ترجیح امریکہ میں مقیم کشمیری برادری کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر اجاگر کرنا، اوورسیز کمیونٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرنا اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مؤثر سفارتی و عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہوگی۔راجہ اسد پرویز کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری اپنے وطن کے حقیقی سفیر ہیں، جن کی خدمات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ امریکہ بھر میں مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنائیں گے اور ان کے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔سیاسی و سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ راجہ اسد پرویز اپنی نئی ذمہ داری میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے امریکہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی مؤثر آواز ثابت ہوں گے اور آزاد کشمیر کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *