اٹلی کی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 49 سالہ جورجیا میلونی نے فرانس میں منعقدہ جی 7 اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سگریٹ نوشی چھوڑنے کا انکشاف کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جی 7 اجلاس کے موقع پر یورپی رہنما آپس میں گفتگو کر رہے تھے تو اس دوران میلونی نے کہا کہ مجھے چوکنا رہنے کے لیے کافی کی ضرورت ہے۔اس پر جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے مذاق میں سگریٹ کا ذکر کیا، جس پر اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے جواب دیا کہ میں نے گزشتہ ماہ سے سگریٹ چھوڑ دی ہے۔ اس پر جاپان کے وزیرِ اعظم اور یورپین کمیشن کی صدر نے ان کی تعریف کی۔ اس سے قبل وہ ماضی کے انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ میں 13 سال تک سگریٹ نوشی سے دور رہی تاہم بعد میں دوبارہ اس عادت میں مبتلا ہو گئی تھی۔واضح رہے کہ ترک میڈیا نے اکتوبر 2025ء میں مصر میں ہونے والے اجلاس کی ویڈیو دوبارہ شیئر کی ہے جس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان میلونی کو سگریٹ نوشی چھوڑنے کا مشورہ دیتے نظر آئے تھے۔

