اٹلانٹک سٹی میں رنگا رنگ ’’بسنت میلہ‘‘ 20 ستمبر کو منعقد ہوگا
ملک سلیمان کی میزبانی میں ثقافتی میلے کا انعقاد، پتنگ بازی، لائیو میوزک، کھانے اور مختلف ثقافتی پروگرامز تقریب کا حصہ ہوں گے
اٹلانٹک سٹی، نیو جرسی:(منظور حسین سے ) اٹلانٹک سٹی میں پاکستانی و جنوبی ایشیائی ثقافت، بہار اور خوشیوں کو اجاگر کرنے کے لیے رنگا رنگ ’’بسنت میلہ‘‘ 20 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا۔ تقریب کا اہتمام ملک سلیمان کی جانب سے کیا جا رہا ہے جبکہ اٹلانٹک سٹی کے ملٹی کلچرل ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس میلے میں مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق بسنت میلے کا مقصد مختلف کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور ثقافت، موسیقی، کھانوں اور خاندانی تفریح کے ذریعے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ میلے میں پتنگ بازی خصوصی توجہ کا مرکز ہوگی جبکہ شرکاء کے لیے لائیو میوزک، ثقافتی پرفارمنسز اور مختلف کھانوں کے اسٹالز بھی موجود ہوں گے۔ ملک سلیمان نے کہا کہ بسنت میلہ موسمِ بہار کی خوشیوں، رنگا رنگ ثقافت اور کمیونٹی کے باہمی میل جول کو فروغ دینے کا ایک خوبصورت موقع ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اٹلانٹک سٹی اور گردونواح سے بڑی تعداد میں خاندان اس تقریب میں شرکت کریں گے اور میلے کی رونقیں دوبالا کریں گے۔ یہ فیملی فرینڈلی اور مفت داخلے کی تقریب ہوگی، جہاں بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں کے لیے مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی۔
بسنت میلہ 20 ستمبر کو
Bader Field, 545 Albany Ave, Atlantic City, NJ 08401
میں منعقد ہوگا۔

منتظمین نے کمیونٹی کے افراد اور خاندانوں کو بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔

