متحدہ عرب امارات میں پہلی مسافر ٹرین سروس کا آغاز
اتحاد ریل نے شیڈول جاری کر دیا، ٹکٹوں کی بکنگ شروع، ابتدائی طور پر 13 جدید ٹرینیں شامل کی گئی ہیں، اور ہر ٹرین میں بیک وقت تقریباً 400 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے جدید ٹرانسپورٹیشن اور ریلوے نظام کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق اتحاد ریل (Etihad Rail) نے ملک کی تاریخ کی پہلی مسافر ٹرین سروس کے باقاعدہ آغاز اور مختلف ریاستوں کو آپس میں جوڑنے کے مکمل شیڈول کا اعلان کیا ہے، منصوبے کے تحت ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے محمد بن زاید سٹی میں پہلے شاندار مسافر ٹرین اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح بھی کردیا۔بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں 30 جون 2026ء کو ابوظہبی اور فجیرہ کے درمیان پہلی مسافر ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا، اس سروس کے ذریعے دونوں شہروں کا طویل سفر اب صرف 1 گھنٹہ 45 منٹ میں طے ہو سکے گا، 30 ستمبر 2026ء کو ملک گیر سطح پر ریل نیٹ ورک کا باضابطہ افتتاح ہوگا، دبئی اور الدھید اسٹیشنز بھی 30 ستمبر 2026ء کو کھولے جائیں گے، الظفرہ ریجن اسٹیشنز کو 30 دسمبر 2026ء کو سال کے اختتام پر فعال کیا جائے گا، آخری مرحلے میں 30 مارچ 2027ء کو میں یہ ٹرین سروس شارجہ تک پہنچ جائے گی اور منصوبے کا نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا۔معلوم ہوا ہے کہ ٹرین سروس کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 23 جون 2026ء سے باقاعدہ شروع کر دی گئی ہے، مسافر اتحاد ریل کی موبائل ایپ اور آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے اپنی سیٹیں بک کروا سکتے ہیں، ابوظہبی سے فجیرہ کے کرائے میں کمفرٹ کلاس کا کرایہ 55 درہم سے شروع ہوگا، پریمیم کلاس کا کرایہ 120 درہم سے شروع ہورہا ہے، اتحاد ریل جدید سہولیات سے آراستہ نیٹ ورک اور ٹرینوں پر مشتمل ہے۔بتایا جارہا ہے کہ افتتاح کے موقع پر ولی عہد ابوظہبی کو اسٹیشن کے جدید انفارمیشن مینجمنٹ سسٹمز اور آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور حکام نے بتایا کہ اسٹیشنوں پر بین الاقوامی برانڈز، کیفے، ریستوران اور ریٹیل آؤٹ لیٹس قائم کیے گئے ہیں، دورانِ سفر ٹرین کے اندر بھی مسافروں کو معیاری کھانے پینے کی خدمات دستیاب ہوں گی، اتحاد ریل کے بیڑے میں ابتدائی طور پر 13 جدید ٹرینیں شامل کی گئی ہیں، اور ہر ٹرین میں بیک وقت تقریباً 400 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

