ملک بھر میں 9 محرم الحرام پر جلوس اور مجالس
ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں 9 محرم الحرام پر جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا، جلوس کی گزرگاہوں پر پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔
کراچی میں 9 محرم کی مناسبت سے نشتر پارک سے برآمد مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارا در کی امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔ جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے۔لاہور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچ گیا، ملتان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد کیا گیا۔ بہاولپور میں مرکزی جلوس بیری والا چوک اور اوچ شریف میں شبیہِ علم کا جلوس برآمد ہوا۔ جھنگ میں علم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر زہرا، گوجرانوالہ میں امام بارگاہ قصر ابو طالب سے شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد کیا گیا۔چنیوٹ، گجرات، مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور منڈی بہاؤالدین میں بھی عزاداروں نے شہدائے کربلا کو یاد کیا اور جلوس نکالے۔ میانوالی ماڑی کے مقام پر دریائے سندھ میں کشتیوں پر جلوس نکالا گیا۔حیدرآباد میں مرکزی جلوس لطیف آباد یونٹ نمبر پانچ سے برآمد ہوا، جس میں شبیہ تابوت،علم پاک اور ذوالجناح شامل تھے۔ میرپورخاص، ڈہرکی میں شہدائے کربلاکی یاد میں جلوس برآمد ہوئے۔ سیہون میں صدیوں پرانے تعزیے کے مرکزی جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہوئے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ بمو شاہ سے برآمد ہوا۔ حساس علاقوں کو سیل کرکے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ ہنگو میں ماتمی جلوس محلہ سیدان سے برآمد ہو کر مرکزی امام بارگاہ شاہو روڈ تک پہنچا۔گلگت میں مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر اکبر ڈاکپورہ، سے برآمد ہوا۔ عزاداران حسین نےامام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

