نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی صدر ٹرمپ پر حملے کی شدید مذمت،
یہ خوش آئند امر ہے کہ بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا”ظہران ممدانی
نیویارک: (منظور حسین سے) نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ سیاسی تشدد کسی بھی مہذب معاشرے میں ہرگز قابلِ قبول نہیں اور اس قسم کے واقعات نہ صرف جمہوری نظام بلکہ قومی ہم آہنگی کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔
میئر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وائٹ ہاؤس پریس ڈنر کے دوران ہونے والے اس واقعے میں صدر ٹرمپ، خاتونِ اول اور تقریب میں شریک تمام افراد محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے امریکی سکیورٹی اداروں بالخصوص سیکرٹ سروس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی مستعدی نے ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔
میئر ظہران ممدانی نے مزید کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہئیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

