نیویارک میں انسپکٹر عدیل رانا کے اعزاز میں شاندار تقریب، کمیونٹی اور پولیس حکام کی بھرپور شرکت

 نیویارک: (منظور حسین سے) نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے انسپکٹر عدیل رانا کی کاؤنٹر ٹیررازم ڈویژن میں کمانڈنگ آفیسر کے طور پر تقرری کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں پولیس افسران، سماجی شخصیات اور کمیونٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ تقریب معروف کمیونٹی رہنما راجہ آزاد گل اور انٹر فیتھ رہنما ڈیو زائٹ لین کی جانب سے منعقد کی گئی، جہاں شرکاء نے انسپکٹر عدیل رانا کی پیشہ ورانہ کامیابی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے جن میں ڈپٹی چیف رچرڈ ٹیلر، ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر، ڈپٹی انسپکٹر جہانگیر اشرف، لیفٹیننٹ ابرار فضل، سارجنٹ صغیر احمد، سارجنٹ زاہد، سارجنٹ یاسین اور دیگر پولیس اہلکار شامل تھے۔ اس موقع پر کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، جن میں صاحبزادہ پیر سید میر حسین شاہ، رانا سعید، راجہ نزاکت علی، ظفر اقبال (پولیس لائزن)، شیر خان، جاوید خان اور عزیز بٹ سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔ تقریب میں شامران گروپ کے اراکین نے بھی شرکت کر کے تقریب کو مزید رونق بخشی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے انسپکٹر عدیل رانا کے ساتھ مل کر خوشی کا کیک کاٹا، جبکہ ہال تالیوں کی گونج سے بھر گیا۔ اس موقع پر پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسوسی سے وابستہ جاوید خان اور عزیز بٹ نے انہیں پھول پیش کیے اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی، جبکہ کیک کا خصوصی انتظام شیر خان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اپنے خطاب میں انسپکٹر عدیل رانا نے میزبانوں راجہ آزاد گل اور ڈیو زائٹ لین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کمیونٹی کی محبت اور حوصلہ افزائی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری پوری دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ انسپکٹر عدیل رانا نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والے نمایاں پاکستانی امریکن افسران میں شمار ہوتے ہیں، اور ان کی یہ تقرری نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *