اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عمل کرواتے ہوئے کشمیر پر استصواب رائے اور کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت دلوانا چاہئے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں، دونوں ایٹمی ملک ہیں، انکے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ گئی توپھر پوری دنیا میں پھیل سکتی ہے،تاج خان
عالمی برداری مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کردار ادا کرے،غلام نبی فائی، مقبوضہ کشمیر کو یہ حق حاصل ہونا چاہئے کہ وہ پاکستان سے ملے یا ہندوستان سے،راجہ مختار، مظاہرے میں پاکستانی امریکن سوسائٹی کے صدر شمس الزماں، معروف فارماسسٹ عمر اشرف اورسردار امتیاز گڑالوی کی بھی شرکت
مظاہرے میں ٹرکوں پر بل بورڈ بھی ڈسپلے کئے گئے جس پر بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف تشہیر کی گئی،مظاہرے میں امریکہ میں بسنے والی کشمیری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی، مودی مردہ بار اور افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے
مین ہیٹن،نیویارک (منظور حسین سے) پاکستان میں بہاولپور،مرید کے اور آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور کوٹلی میں بھارتی جارحیت اور شہری آبادیوں پر میزائل حملوں کے بعد اقوام متحدہ میں کشمیر مشن یو ایس اے کے سینئر نائب صدر تاج خان اور امریکہ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ رہنماء غلام نبی فائی کی جانب سے اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے بھارت اور بھارتی حکمرانوں کیخلاف مظاہرہ کیاگیا-بھارتی جارحیت اور نہتے پاکستانیوں کی شہادت کے بعد اقوام متحدہ کے سامنے مظاہرے میں پاکستانی امریکن سوسائٹی کے صدر شمس الزماں اور معروف فارماسسٹ عمر اشرف کے علاوہ راجہ مختار،سردار امتیاز گڑالوی نے شرکت کی اور بھارت کی بزدلانہ اور ننگی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا -تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عمل کرواتے ہوئے کشمیر پر استصواب رائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانا چاہئے- تاج خان نے بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو سلام پیش کیا -انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہے اور ان کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے جو پوری دنیا میں پھیل سکتی ہے-اس موقع پر ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کو کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کیلئے زور دیا-مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راجہ مختار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو یہ حق حاصل ہونا چاہئے کہ وہ پاکستان سے ملے یا ہندوستان سے -مظاہرے میں ٹرکوں پر بل بورڈ بھی ڈسپلے کئے گئے جس پر بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف تشہیر بھی کی گئی کہ بین الاقوامی برادری بھارت کی اس بزدلانہ اور ننگی جارحیت کی مذمت کرے-اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے امریکہ میں بسنے والی کشمیری اور پاکستانی امریکن کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور مودی مردہ باد اور افواج پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے













