نیویارک میں ڈرائیورز کو بااختیار بنانے کا بڑا اقدام: ٹی ایل سی کا پہلا جامع سروے لانچ

نیویارک (خصوصی رپورٹ): نیویارک سٹی ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن نے ڈرائیورز کی آواز کو پالیسی سازی کا حصہ بنانے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا جامع سروے متعارف کرا دیا ہے، جسے ماہرین کی جانب سے محنت کش طبقے کے حقوق اور معاشی انصاف کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد لائسنس ہولڈرز سے براہِ راست رائے لے کر مستقبل کی پالیسیوں، ترجیحات اور اصلاحات کو زیادہ مؤثر اور زمینی حقائق کے مطابق بنانا ہے۔ یہ 17 سوالات پر مشتمل سروے جے ایف کے ایئرپورٹ کے ٹیکسی اور رائیڈ شیئر مراکز پر باقاعدہ طور پر متعارف کروایا گیا، جہاں ٹی ایل سی کی کمشنر میدوری والدیویہ اور آؤٹ ریچ ٹیم نے درجنوں ڈرائیورز سے ملاقات کر کے انہیں اس میں شرکت کی ترغیب دی۔ ڈرائیورز نے موقع پر فراہم کردہ ٹیبلٹس اور اپنے موبائل فونز کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کر کے سروے مکمل کیا، جبکہ اسے 12 زبانوں میں تمام لائسنس ہولڈرز کو ای میل بھی کیا گیا ہے اور آن لائن بھی دستیاب ہے۔ نیویارک کے میئر ظہران کوامی مامدانی نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی معیشت ڈرائیورز کی انتھک محنت کی مرہونِ منت ہے، لیکن انہیں طویل عرصے سے نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ سروے ڈرائیورز کو بااختیار بنانے اور ان کی آراء کو براہِ راست حکومتی پالیسیوں کا حصہ بنانے کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ نائب میئر برائے اقتصادی انصاف جولی سو نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کو محنت کش طبقے کے قریب لانے اور ان کے مسائل کو مؤثر انداز میں حل کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ انتظامیہ کسی بھی مسئلے کو حل طلب چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔ ٹی ایل سی کی کمشنر میدوری والدیویہ نے کہا کہ ڈرائیورز کے تجربات اور مسائل کو سمجھنا مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کے بقول یہ سروے ڈرائیورز کو پالیسی سازی میں براہِ راست شمولیت کا موقع فراہم کرے گا اور ادارہ اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ سروے میں ڈرائیورز سے ان کے روزمرہ کام پر اثر انداز ہونے والے عوامل، ٹی ایل سی کی جانب سے ممکنہ بہتری کے اقدامات، اور مختلف خدمات و پالیسیوں کے حوالے سے ان کی رائے طلب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ڈرائیورز کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ اپنا لائسنس نمبر فراہم کر کے مزید تفصیلی فیڈبیک کے لیے ادارے سے رابطے میں رہیں۔ یہ سروے مستقل بنیادوں پر آن لائن دستیاب رہے گا تاکہ وقت کے ساتھ ڈرائیورز کی رائے میں آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور پالیسی سازی کو مسلسل بہتر بنایا جا سکے۔

پس منظر:1971 میں قائم ہونے والا نیویارک سٹی ٹیکسی اینڈ لیموزین کمیشن شہر میں ٹیکسیوں، کرائے کی گاڑیوں، لیموزین سروسز اور دیگر ٹرانسپورٹ سروسز کی لائسنسنگ اور نگرانی کا ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس وقت تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار لائسنس یافتہ ڈرائیورز روزانہ 10 لاکھ کے قریب سفری خدمات انجام دے رہے ہیں، جو شہر کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *