ممتاز پاکستانی امریکن بزنس مین ندیم اکبر کی جانب سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ

سن شائن ریسٹورنٹ میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بھرپور شرکت نوجوانوں کی ترقی، عالمی تعاون، پاکستان۔امریکہ تعلقات اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر تفصیلی تبادلۂ خیال

مہمانوں کے خیر مقدم کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا بھی ھمارا مقصد ھے تاکہ نوجوانوں کی فلاح، قومی ترقی، باہمی یکجہتی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کے حقیقی سفیر ہیں اور وہ پاکستان کی معاشی، سماجی اور قومی ترقی میں ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے” ندیم اکبر

بروکلین/نیویارک (منظور حسین سے)

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نوجوانوں کی ترقی، اختراع ، بین الاقوامی تعاون اور اقوامِ متحدہ کے ہائی لیول پولیٹیکل فورم میں شرکت کے سلسلے میں نیویارک میں ھیں، جہاں ان کی مختلف سفارتی، سرکاری اور کمیونٹی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیویارک آمد پر اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر یاسر بھٹی، وزیراعظم کی نیشنل یوتھ کونسل کے رکن، ممتاز پاکستانی امریکن بزنس مین، سن شائن ریسٹورنٹ کے چیف ایگزیکٹو ندیم اکبر اور ان کے صاحبزادے علی اکبر بھی موجود تھے۔

رانا مشہود احمد خان کے اعزاز میں نیویارک کے علاقے جیکسن ہائٹس میں واقع معروف پاکستانی ریسٹورنٹ سن شائن ریسٹورنٹ میں ایک پرتکلف استقبالیہ عشائیہ منعقد کیا گیا۔ یہ ریسٹورنٹ ناردرن بلیوارڈ، کوئنز میں واقع ہے اور مستند پاکستانی کھانوں کے حوالے سے پاکستانی و ایشیائی کمیونٹی میں خصوصی شہرت رکھتا ہے۔ تقریب کا اہتمام ممتاز پاکستانی امریکن بزنس مین اور سن شائن ریسٹورنٹ کے چیف ایگزیکٹو اور وزیراعظم کی نیشنل یوتھ کونسل کے رکن ندیم اکبر نے کیا، جبکہ میزبانی کے فرائض ان کے صاحبزادے علی اکبر نے انجام دئیے۔

تقریب میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، کاروباری رہنماؤں، سماجی کارکنوں، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی رانا مشہود احمد خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شرکاء نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، ہنرمندی، روزگار اور قومی ترقی کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر مزید بہتر مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اپنے دورۂ نیویارک کے دوران رانا مشہود احمد خان نے مختلف بین الاقوامی اداروں اور شراکت دار تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں نوجوانوں کی فلاح، تعلیم، ہنرمندی، اختراع، روزگار اور عالمی سطح پر پاکستانی نوجوانوں کی مؤثر نمائندگی سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی مواقع سے جوڑنے اور عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ میزبان علی اکبر نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ استقبالیہ عشائیے کے انعقاد کا مقصد صرف معزز مہمان کا خیرمقدم کرنا نہیں بلکہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا بھی ہے تاکہ نوجوانوں کی فلاح، قومی ترقی، باہمی یکجہتی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر ندیم اکبر نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی وطن کے حقیقی سفیر ہیں اور وہ پاکستان کی معاشی، سماجی اور قومی ترقی میں ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان سے جوڑنے اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نہ صرف پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ دنیا بھر میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کی تقریبات پاکستان اور امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کی، یادگاری تصاویر بنوائیں اور نوجوانوں کے مستقبل، اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، پاکستان۔امریکہ تعلقات، سرمایہ کاری، تعلیم، قومی ترقی اور دیگر اہم سماجی و قومی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر مزید مؤثر مواقع فراہم کیے جائیں گے اور ان کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارمز سے جوڑنے کی کوششیں مزید تیز ہوں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *