لبنان کی خودمختاری کی حمایت جاری رکھیں گے، وہاں جنگ بندی صدر ٹرمپ کا جرات مندانہ اقدام ہے: وزیراعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں سفارتی کوششوں نے یہ جنگ بندی ممکن بنائی ہے، یہ امن کی جانب مثبت پیشرفت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امید ہے یہ جنگ بندی خطے میں دیرپا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، خطے میں مستقل امن کے لیے تمام سفارتی اور سیاسی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ ایران میں جنگ بندی کے بعد لبنان اور اسرائیل نے بھی جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے گفتگو ہوئی ہے، دونوں ممالک 10 دن کی جنگ بندی پر اتفاق کر چکے ہیں۔

