فاطمہ مسجد ایلمونٹ میں یومِ شہادتِ امام حسینؑ کے سلسلے میں عظیم الشان ذکرِ شہدائے کربلا کا انعقاد 4 جولائی کو ہوگا
نیو یارک میں منعقد ہونے والی روح پرور مجلس میں معروف علماء، ذاکرین، ثناء خوان اور مختلف ریاستوں سے عقیدت مند شرکت کریں گے
نیویارک (منظور حسین سے )
حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے 4 جولائی بروز جمعہ بعد نمازِ مغرب نیویارک کے علاقے ایلمونٹ میں واقع فاطمہ مسجد میں ایک عظیم الشان “ذکرِ شہدائے کربلا” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس روحانی و مذہبی اجتماع میں اہلِ بیتؑ سے محبت رکھنے والے سینکڑوں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔تقریب کا آغاز معروف قاری قاری مظہر قادری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوگا، جبکہ نظامت کے فرائض سید الطاف حسین کاظمی انجام دیں گے۔مجلس سے پاکستان کے ممتاز عالمِ دین علامہ سید امتیاز حسین شاہ کاظمی خصوصی خطاب کریں گے، جبکہ معروف عالمِ دین پیر سید شفقت حسین شاہ بھی شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں، فلسفۂ عاشورا اور پیغامِ امام حسینؑ پر روشنی ڈالیں گے۔پروگرام میں احمد ثقلین حیدر، صفدر حسین شاہ، تصور حسین، شہزاد مصطفیٰ اور حسین شاہ ذکرِ مصائبِ اہلِ بیتؑ بیان کریں گے، جبکہ مرثیہ خوانی کی سعادت امیر عباس اور محمد شفیق حاصل کریں گے۔تقریب میں معروف ثناء خوانانِ اہلِ بیتؑ، جن میں محمد انوار الحسن، قاری سیف اللہ، ڈاکٹر عرفان حیدر صدیقی، غلام یاسین معصومی، محمد عرفان، سیدی مہدی، بشارت احمد رضوی اور محمد حنان شاہ شامل ہیں، بارگاہِ اہلِ بیتؑ میں نذرانۂ عقیدت پیش کریں گے۔منتظمین کے مطابق اس بابرکت اجتماع میں نیویارک اور گردونواح کی مختلف ریاستوں سے علماء، سماجی شخصیات، مذہبی رہنما اور بڑی تعداد میں عاشقانِ اہلِ بیتؑ شرکت کریں گے۔ تقریب کا مقصد واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام، حق و صداقت، صبر، ایثار اور ظلم کے خلاف استقامت کو اجاگر کرنا اور نئی نسل کو امام حسینؑ کی لازوال قربانیوں سے روشناس کرانا ہے۔منتظمین نے تمام محبانِ اہلِ بیتؑ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس روح پرور مجلس میں بھرپور شرکت کرکے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کریں اور اتحادِ امت، امن، محبت اور اخوت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

