خالد خٹک نے خیبر سوسائٹی آف امریکہ کی قیادت سنبھال لی، قونصل جنرل عامر اتوزئی نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا
نیویارک: خیبر سوسائٹی آف امریکہ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پروقار تقریب میں تنظیم کی نئی قیادت نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تقریب میں سابق صدر زمان آفریدی نے تنظیم کی صدارت نو منتخب صدر خالد خٹک کے حوالے کرتے ہوئے انہیں اور ان کی کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل عامر اتوزئی تھے، جنہوں نے نو منتخب صدر خالد خٹک اور کابینہ کے دیگر عہدیداروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ اس موقع پر کمیونٹی کی بڑی تعداد، سماجی شخصیات اور تنظیم کے اراکین نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سبکدوش ہونے والے صدر زمان آفریدی نے خیبر سوسائٹی کے بانی اراکین، سابق عہدیداروں اور ساتھیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران اجتماعی کاوشوں سے خیبر سوسائٹی کو ایک مضبوط، فعال اور جمہوری ادارے کی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی کامیابی اس کے اراکین کے اتحاد، اعتماد اور مسلسل تعاون کا نتیجہ ہے۔ نو منتخب صدر خالد خٹک نے اپنے خطاب میں اراکین کی جانب سے اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام ساتھیوں کو ساتھ لے کر تنظیم کی فلاحی، سماجی اور کمیونٹی خدمات کو مزید وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر سوسائٹی آف امریکہ کی روایات اور خدمات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے نئے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔ تقریب کے دوران شرکاء کو خیبر سوسائٹی کی سماجی اور فلاحی سرگرمیوں پر مشتمل ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں بالخصوص ضلع بونیر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متاثرہ خاندانوں کے لیے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں اور 72 ہزار ڈالر سے زائد فنڈ ریزنگ مہم کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں مرحومہ اہلیہ عتیق احمد صدیقی کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ زمان آفریدی نے فاتحہ خوانی کروائی جبکہ شرکاء نے عتیق احمد صدیقی سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام پر معروف پشتو گلوکار، شاعر اور موسیقار شاکر زیب نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنے مقبول گیت پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا اور محفل دیر تک موسیقی کی دلکش فضا میں محو رہی۔

