برنارڈ وائسلبرگ کی ڈسٹرکٹ 22 کے ووٹرز سے تبدیلی کے لیے اپیل، الیکشن ڈے پر اپنا نام بطور رائٹ اِن امیدوار لکھنے کی درخواست

آزاد امیدوار کا ووٹرز سے خطاب، البانی میں عوام کی بھرپور اور مسلسل نمائندگی، کمیونٹی کے مسائل کے حل اور عملی اقدامات کو اپنی انتخابی ترجیحات قرار دیا

بروکلین نیو یارک : (منظور حسین سے )

ڈسٹرکٹ 22 کے امیدوار برنارڈ وائسلبرگ ) نے منگل 3 نومبر کو ہونے والے الیکشن ڈے کے موقع پر ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ انہیں بطور رائٹ اِن امیدوار ووٹ دیں اور اپنے حلقے میں حقیقی تبدیلی، بہتر نمائندگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اپنے انتخابی پیغام میں برنارڈ وائسلبرگ نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنا ووٹ استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچیں اور جائزہ لیں کہ آیا ان کے حلقے کو وہ توجہ اور نمائندگی مل رہی ہے جس کا وہ حق دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ 22 کو ایسے نمائندے کی ضرورت ہے جو البانی میں پورا وقت اپنے حلقے کے عوام کے حقوق اور مفادات کے لیے آواز بلند کرے، نہ کہ صرف محدود وقت کے لیے عوامی مسائل پر توجہ دے۔

انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کو ایسے نمائندے کی ضرورت ہے جو اپنے محلوں میں متحرک رہے، عوامی مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کے لیے مسلسل عملی کوششیں کرے۔

برنارڈ وائسلبرگ نے اپنے پیغام میں اس بات پر خصوصی زور دیا کہ عوام کو البانی میں 100 فیصد وقت ان کی نمائندگی کرنے والا امیدوار چاہیے، نہ کہ صرف 30 فیصد توجہ دینے والا نمائندہ۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی صرف وعدوں اور بہانوں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات اور حقیقی تبدیلی کی مستحق ہے۔

انہوں نے ووٹرز سے براہ راست اپیل کی کہ وہ الیکشن ڈے پر بیلٹ پیپر میں ان کا نام بطور رائٹ اِن امیدوار درج کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نام کے درست ہجے لکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کا ووٹ شمار کیا جا سکے۔ انتخابی مہم میں ان کا نام نمایاں طور پر درج کیا گیا اور ووٹرز کو یاد دہانی کرائی گئی کہ نام کے ہجے درست ہونے چاہئیں۔

اپنے انتخابی پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ ان کے نزدیک پیسہ ہی سب کچھ نہیں بلکہ وہ دل سے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور ان کا مقصد محض منتخب ہونا نہیں ہے۔ انہوں نے ووٹرز پر زور دیا کہ وہ انتخابی وعدوں اور سیاسی دعوؤں سے آگے بڑھ کر سابقہ کارکردگی، کیے گئے فیصلوں اور ان کے کمیونٹی پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیں۔

برنارڈ وائسلبرگ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ اب تبدیلی کا وقت آ چکا ہے اور کمیونٹی کو بہانوں کے بجائے عملی اقدامات، ذمہ داری اور مؤثر نمائندگی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ووٹرز کو یاد دلایا کہ ان کی آواز، ان کا محلہ اور ان کا انتخاب ہی جمہوری عمل کی اصل طاقت ہے۔

آپ کی آواز، آپ کا محلہ، آپ کا انتخاب!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *