امریکی حملے میں سِرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کے نشانہ بننے کی اطلاع ہے، ایرانی میڈیا
تہران: ایرانی ذرائع ابلاغ نے جنوبی ایران میں دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سِرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق جنوبی ایران کے شہر سرک کے علاقے میں واقع گاؤں طہروئی کے قریب کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، یہ گاؤں ایران کے جنوبی ساحلی علاقے میں آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہے۔ایرانی سرکاری ذرائع نے واقعے کی اطلاع دی ہے، تاہم ابھی تک گولہ بارود گرنے سے ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصان، یا حملے کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق قشم میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، امریکی حملے میں سرک میں ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کے نشانہ بننے کی اطلاع ہے۔خیال رہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی جہاز پر ایرانی حملے کے جواب میں ایران میں متعدد فوجی اہداف پر فضائی کارروائی کی گئی ہے۔

