امریکا اور ایران کے درمیان پاسدارانِ انقلاب سے براہِ راست رابطوں پر اتفاق ہوگیا، جے ڈی وینس
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران نے پاسداران انقلاب کے ساتھ براہِ راست رابطے کا ایک نیا چینل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
برطانوی نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور امریکی سینٹ کام کے حکام کے درمیان جلد دوحہ میں ملاقات متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان موجود اختلافات کو کم کرنا اور باہمی اعتماد کی فضا پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق فریقین مختلف تنازعات کے حل اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔جے ڈی وینس نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے ساتھ ایسے نئے رابطے قائم کیے ہیں جو ماضی میں موجود نہیں تھے۔ ان رابطوں میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست بات چیت بھی شامل ہے۔امریکی نائب صدر کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ رابطوں کے ذریعے مختلف معاشی مراعات، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ براہِ راست رابطوں کا یہ نیا سلسلہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مستقبل میں بہتر تعلقات کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

