بروکلین میں کچرے کے ڈبے سے ملنے والی خاتون کی شناخت سامنے آگئی
پلمب بیچ کے علاقے میں لاش ملنے کے واقعے کی پولیس تحقیقات جاری، موت کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا
بروکلین، نیویارک : نیویارک پولیس نے بروکلین کے علاقے پلمب بیچ میں کچرے کے ڈبے سے ملنے والی خاتون کی شناخت کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون 38 سالہ تنایا کیمبل اورٹیز تھیں، جو کوئنز کی رہائشی اور پانچ بچوں کی والدہ تھیں۔ پولیس کے مطابق 16 ستمبر کو بیلٹ پارک وے اور نیپ اسٹریٹ کے قریب پارکنگ ایریا میں کچرے کے ڈبے سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور طبی امدادی عملہ موقع پر پہنچا، جہاں خاتون کو مردہ قرار دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت کی اصل وجہ ابھی سامنے نہیں آئی۔ چیف میڈیکل ایگزامینر کی جانب سے موت کی وجہ کا تعین کیا جائے گا، جبکہ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ تاحال کسی مشتبہ شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں دی گئی۔

