نیا بھر میں آج اولمپک ڈے منایا جا رہا ہے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد
دنیا بھر میں آج اولمپک ڈے منایا جارہاہے، اس حوالےسے لاہور میں بھی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کےزیر اہتمام ایک تقریب سجائی گئی۔
ہر سال 23 جون کو اس دن کومنانے کا مقصد جدید اولمپکس کے آغاز کے ساتھ کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے اولمپک واک سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے جاتے ہیں۔ پاکستان میں اولمپک ڈے تقریب میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم،اولمپئن فائقہ ریاض سمیت ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پہنچان بننے والے اتھلیٹس، طلبا اور فیڈریشنز کےنمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر اولمپک موومنٹ کی اہمیت کےموضوع پر کوئز مقابلےمیں اتھلیٹس نےگہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ پی او اے کےصدر عارف سعید نے صحت مند طرزِ زندگی، تعلیم، شمولیت، اور اولمپک تحریک کی اقدار کو فروغ دینے میں کھیل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اولمپک ویلیوز ایجوکیشن (اولمپک اقدار کی تعلیم) کے کردار پر زور دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھیل صرف ہار جیت کا نام نہیں، یہ دوستی، بھائی چارے،ایک دوسرےکا احترام سمیت بھرپور زندگی گزارنے اور آگے بڑھانے کا پیغام بھی دیتےہیں۔ اس موقع پر گولڈ میڈلسٹ ارشدندیم کا کہنا تھا کہ انہیں اولمپک ڈے تقریب کا حصہ بننے کی بہت خوشی ہے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن حکام کا شکریہ جس نے ہیمشہ سپورٹ کی،مستقبل میں کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل ہدف ہے۔ ارشد ندیم نے تقریب میں موجود نوجوانوں کو مزید محنت کرنے کی ہدایت کی۔

