بین المذاہب امن کمیٹی کے امریکہ میں قائد و بانی مشتاق احمد کمبوہ محمدی مولائی کی اہلیہ کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

بروکلین، نیویارک: (منظور حسین سے)

پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ممتاز و معروف سماجی، مذہبی اور فلاحی شخصیت، بین المذاہب امن کمیٹی امریکہ کے قائد و بانی، ممتاز مفکر، معلم اور کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت چوہدری مشتاق احمد کمبوہ محمدی مولائی کی اہلیہ گزشتہ روز امریکہ میں قضائے الٰہی سے انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی وفات کی خبر سنتے ہی نیویارک سمیت امریکہ کے مختلف شہروں میں مقیم پاکستانی و مسلم کمیونٹی میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ مختلف سماجی، مذہبی، فلاحی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے اظہارِ افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری رہا۔

مرحومہ نہایت نیک سیرت، عبادت گزار، صوم و صلوٰۃ کی پابند اور خوش اخلاق خاتون تھیں۔ وہ اپنی شرافت، ملنساری، دینی وابستگی اور اعلیٰ اخلاق کے باعث پاکستانی و مسلم کمیونٹی میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔ ان کی وفات کو اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، دوست احباب اور قریبی ساتھیوں کیلئے ایک بڑا سانحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مرحومہ کی نماز جنازہ جمعۃ المبارک کے روز بروکلین نیویارک کی معروف جامع مسجد مکی میں ادا کی گئی، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔ نماز جنازہ ممتاز عالمِ دین قاری محمد اسامہ نے پڑھائی۔ اس موقع پر ٹرائی اسٹیٹ ایریا سے تعلق رکھنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی، مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، کاروباری حضرات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پر شرکاء کی بڑی تعداد نے چوہدری مشتاق احمد کمبوہ محمدی مولائی کی دینی، سماجی اور انسان دوست خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ مشتاق احمد کمبوہ امریکہ میں بین المذاہب ہم آہنگی، اتحادِ امت، کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کئی برسوں سے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی و مسلم کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے، مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

کمیونٹی رہنماؤں اور مختلف سماجی و مذہبی شخصیات نے مشتاق احمد کمبوہ محمدی مولائی اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور تمام سوگواران کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ کئی شرکاء نے کہا کہ مرحومہ کی سادگی، مہمان نوازی اور دینی وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

سینئر صحافی و ایگزیکٹو ایڈیٹر ہفت روزہ دنیا انٹرنیشنل منظور حسین اور عبدالصمد خان نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ وہ مشتاق احمد کمبوہ اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ادارہ دنیا انٹرنیشنل نے بھی اس افسوسناک سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے سفرِ آخرت کو آسان فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *