نیویارک مڈ ٹاؤن میں افسوسناک حادثہ، کھلے مین ہول میں گر کر 56 سالہ خاتون ہلاک

نیویارک (نیوز ڈیسک): نیویارک سٹی کے علاقے مڈ ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعے میں 56 سالہ خاتون کھلے مین ہول میں گرنے سے جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ففتھ ایونیو اور ویسٹ 52 اسٹریٹ کے قریب پیش آیا۔ متوفیہ کی شناخت ڈونیکے گوکاج کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ رات تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر اپنی مرسڈیز بینز گاڑی پارک کرنے کے بعد گاڑی سے اتریں تو وہ قریبی کھلے مین ہول میں جا گریں جو تقریباً 10 فٹ گہرا تھا۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مین ہول کے اندر سے نکلنے والی بھاپ کے باعث خاتون کو شدید تکلیف ہوئی اور انہیں دل کا دورہ بھی پڑا۔ ریسکیو اہلکاروں نے انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ پولیس حکام نے واقعے کو ابتدائی طور پر حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی مجرمانہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔ عینی شاہدین کے مطابق امدادی ٹیموں کو خاتون کو نکالنے میں تقریباً 20 منٹ لگے۔ نیویارک کی کمپنی “کان ایڈیسن” کے مطابق ابتدائی ویڈیو شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک بھاری ٹرک کے گزرنے کے باعث مین ہول کا ڈھکن اپنی جگہ سے ہٹ گیا تھا۔ کمپنی نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ متوفیہ کے اہل خانہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس المناک حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *