واشنگٹن میں ’پاسپورٹ ڈی سی‘ ایونٹ، پاکستانی ثقافت اور پاک امریکا دوستی کا شاندار مظاہرہ

واشنگٹن: سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن میں سالانہ ’پاسپورٹ ڈی سی‘ اوپن ہاؤس ایونٹ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی منفرد تاریخ، ثقافت اور روایات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے سفارتکاروں، سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن کا سفارت خانے کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شرکاء کو پاکستان کے ثقافتی تنوع، قدیم روایات اور مہمان نوازی سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ایونٹ کے دوران فنونِ لطیفہ، ثقافتی ورثے اور روایتی دستکاری کی دلکش نمائش پیش کی گئی، جس میں ٹرک آرٹ، کشیدہ کاری، ہاتھ سے تیار کردہ اشیاء اور نفیس قومی ملبوسات خاص طور پر توجہ کا مرکز بنے۔ پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگی نے غیر ملکی مہمانوں کو بے حد متاثر کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کھانوں کے اسٹالز بھی سجائے گئے، جہاں مہمانوں نے روایتی پکوانوں کا لطف اٹھایا اور ان کی بھرپور تعریف کی۔ تقریب میں امریکا کے 250ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پاک امریکا دوستی کو بھی اجاگر کیا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی تعاون کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔ یہ اوپن ہاؤس ایونٹ نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *