اسلام آباد : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے قومی تعلیمی ایمرجنسی کے تحت ناخواندگی کی شرح کو کم کرنے کے لئے کیمپس کے اندر ‘تعلیم بالغاں سینٹر’قائم کردیا ہے جس میں ایسے افراد کو جنہوں نے سکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کی کو ابتدائی تعلیم و تربیت دی جائے گی تاکہ وہ کامیاب زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں۔اِس سینٹر میں ان پڑھ افراد کو ایسی تعلیم دی جائے گی جن کا اُن کی زندگی کے ساتھ براہ راست واسطہ ہو۔ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی کے کم گریڈ ملازمین جس میں سیکیورٹی گارڈز، سینٹری ورکرز، مالی اور نائب قاصد شامل ہیں کو اُن کی فرائض منصبی اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے تربیت فراہم کی جائے گی۔گزشتہ روز اس سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔سینٹر کا افتتاح الائٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر طارق چیمہ نے کیا۔افتتاحی تقریب میں سینٹر کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمد اجمل چوہدری، این سی ایچ ڈی کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن، حبیب اللہ خان، ڈائریکٹر لٹریسی، سید اکبر علی، جائیکا کے نمائندے، بلال عزیز، تعلیم بالغاں سینٹر کی فوکل پرسن، طاہرہ بی بی کے علاوہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے فیکلٹی ممبران شریک تھے۔سینٹر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اس سینٹر کے تحت ہم ملک بھر کے ان پڑھ افراد کو مفید شہری بنائیں گے جس کے لئے اس سینٹر کے دائرہ کار کو بتدریج توسیع دی جائے گی اور یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں بھی ایسے مراکز قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم بالغاں کے پروگرام میں ہم فیکٹریوں کے مزدوروں، دیہی علاقوں کے کسانوں، کاریگروں اور دیگر بالغ افراد جنہوں نے سکولوں میں تعلیم حاصل نہیں کی کو شامل کیا جائے گا۔ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ یہاں خواندگی کے اس مرکز میں ہم ریسرچ سینٹر بھی قائم کرنے جارہے ہیں جس میں ہمارے اساتذہ مختلف پہلوؤں پر ریسرچ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی شرح خواندگی کو بڑھانے میں مثالی کردار ادا کریں گے اوروائس چانسلر کی ہدایات کے مطابق اس مشن کو کامیاب بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔مقررین نے تعلیم بالغان سینٹر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سینٹر ملک کی شرح خواندگی بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔انہوں نے اس سینٹر کو کامیاب بنانے اور اہداف کے حصول کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔