میکسیکو کے تاریخی اہرام پر فائرنگ، واقعے میں ایک کینیڈین خاتون ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔
میکسیکو کے تاریخی مقام میں واقع ’پیرامڈ آف دی مون‘ پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی۔
حکام کے مطابق 27 سالہ ملزم ہولیو سیزر نے اکیلے ہی اس حملے کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا۔ حملے کے بعد پولیس کے ساتھ مختصر مقابلے کے دوران اس نے خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا۔واقعے میں ایک کینیڈین خاتون ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔ یہ مقام سیاحوں کے لیے انتہائی مشہور ہے اور فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس سے ایک پستول، بڑی تعداد میں کارتوس، ایک چاقو اور ایسے دستاویزات برآمد ہوئے ہیں جن میں پرتشدد واقعات کا حوالہ موجود تھا۔تحقیقات کے مطابق ان دستاویزات میں کولمبیا ہائی اسکول قتل عام جیسے واقعات کا ذکر بھی شامل تھا، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور بیرونِ ملک پیش آنے والے واقعات سے متاثر تھا۔ریاست میکسیکو کے اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ملزم نے یہ کارروائی تنہا کی اور اس کے کسی منظم گروہ سے تعلق کے شواہد نہیں ملے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکومت نے سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

