نیویارک پولیس میں پاکستانی نژاد افسران کا اعزاز — وحید اختر انٹیلی جنس ڈویژن جبکہ عدیل رانا کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر مقرر
این وائی پی ڈی کی اہم یونٹس میں تقرریاں، پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے فخر کی نئی مثال“ دونوں افسران 16 مارچ کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے
بروکلین نیویارک: (منظور حسین سے) امریکی شہر نیو یارک سٹی کے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (این وائی پی ڈی) میں پاکستانی نژاد دو سینئر پولیس افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کر دیا گیا ہے، جسے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے اعزاز اور قابلِ فخر پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وحید اختر کو ڈپٹی انسپکٹر کے عہدے پر انٹیلی جنس ڈویژن میں جبکہ عدیل رانا کو انسپکٹر کے طور پر کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ کا کمانڈنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ تقرریوں کا باضابطہ اعلان بدھ، 11 مارچ کو کیا گیا جبکہ دونوں افسران پیر، 16 مارچ کو اپنی نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھالیں گے۔ این وائی پی ڈی کے ذرائع کے مطابق دونوں افسران پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور نمایاں خدمات کے باعث پولیس ڈیپارٹمنٹ میں اچھی شہرت رکھتے ہیں۔ ان کی تقرریاں اس امر کی عکاسی کرتی ہیں کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور تجربے پر مکمل اعتماد ہے۔ انٹیلی جنس ڈویژن اور کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ این وائی پی ڈی کے انتہائی اہم اور حساس شعبے تصور کیے جاتے ہیں۔ ان یونٹس کی ذمہ داری شہر میں سیکیورٹی خطرات کی نگرانی، دہشت گردی سے متعلق معلومات کا تجزیہ اور ممکنہ خطرات کو بروقت ناکام بنانا ہے۔ ایسے اہم شعبوں میں پاکستانی نژاد افسران کی تعیناتی کو نہ صرف انفرادی کامیابی بلکہ پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان یونٹس میں خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے مستقبل میں مزید اعلیٰ عہدوں تک ترقی کے مواقع بھی روشن ہوتے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ وحید اختر اور عدیل رانا کی کارکردگی انہیں مستقبل میں انسپکٹر اور ڈپٹی چیف جیسے اہم عہدوں تک پہنچا سکتی ہے۔ دوسری جانب امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی اور مختلف سماجی و کمیونٹی رہنماؤں نے دونوں افسران کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے شہر کے امن و امان کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

