مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی: پٹرول کی قیمتوں میں55 روپے کا ہوشربا اضافہ
قیمتوں میں اضافے اور قلت کی افواہ پھیلتے ہی ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر عوام کا غیر معمولی رش لگ گیا
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث قیمتوں میں اضافے یا بحران کے پیش نظر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر افواہوں اور زیر گردش خبروں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد پیٹرول کے حصول کیلیے پمپس پر پہنچ گئی اور گاڑیوں کے علاوہ بوتلوں میں بھی پیٹرول، و ڈیزل کے حصول کیلیے کوشاں ہے۔ اسلام آباد کے مختلف پیٹرول پمپس پر بھی عوام کی بڑی تعداد نے پہنچ کر پیٹرول ڈلوایا جبکہ کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی ایسے ہی کچھ مناظر دیکھنے میں آئے۔ لاہور شہر میں 500 پمس میں سے صرف 200 کھلے ہوئے ہیں اور اُن پر بھی عوام کی بڑی تعداد موجود رہی جبکہ جوہر ٹاؤن میں پیٹرول نہ ملنے پر شہریوں کا جھگڑا بھی ہوا۔ پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق لاہور میں دوسو پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ اس کی شدید قلت کا سامنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے پانچ سو پیٹرول پمپس میں سے ڈیڑھ سو سے زیادہ میں پیٹرول کا اسٹاک ختم ہوگیا۔ اس بات کی تصدیق میاں نعمان مجید صدر سنٹرل پنجاب پی پی ڈی اے نے بھی کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت نے مداخلت نہ کی تو آئندہ تین چار روز میں لاہور کے باقی پٹرول پمپس بھی خشک ہو جائیں گے کیونکہ لاہور کی طلب 35 سے چالیس ہزار لیٹر روزانہ کی ہے۔

