شدید برفانی طوفان کے پیشِ نظر نیویارک سٹی میں ہنگامی حالت نافذ
مئیر نیویارک ظہران ممدانی کی نیویارکرز کو محتاط اور گھروں میں رہنے کی ہدایت
بروکلین نیو یارک:( منظور حسین سے)
نیویارک میں 18 سے 24 انچ اور بعض علاقوں میں 28 انچ تک برفباری ہونے کی توقع ہے، نیویارک، نیو جرسی، کنیکٹی کٹ اور میساچوسٹس میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
شدید برفانی طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر شہر کے میئر نے مقامی ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امدادی سرگرمیوں کی بلا رکاوٹ انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے اتوار کی رات 9 بجے سے پیر دوپہر 12 بجے تک غیر ضروری گاڑیوں کی سڑکوں پر آمدورفت پر پابندی عائد رہے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی خدمات، عوامی ذرائع آمدورفت، طبی سامان کی ترسیل، خوراک، ایندھن، بجلی اور گیس کی مرمت سمیت دیگر ناگزیر خدمات انجام دینے والی گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی تاکہ شہر کا نظام زندگی مکمل طور پر معطل نہ ہو۔
تعلیمی ادارے بند، آن لائن کلاسز بھی نہیں ہوں گی
شہری انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ 23 فروری کو تمام سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ پیر کو باضابطہ طور پر “برف کا دن” قرار دیا گیا ہے، اس دوران نہ آن لائن تعلیم ہوگی اور نہ ہی بعد از تدریسی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ البتہ چند اسکول عمارتیں عارضی گرم پناہ گاہوں کے طور پر کھلی رہیں گی تاکہ ضرورت مند افراد کو محفوظ رہائش فراہم کی جا سکے۔ ریاستی محکمہ تعلیم سے مشاورت کے بعد شہر کو 180 لازمی تدریسی دنوں کی شرط میں خصوصی رعایت دی گئی ہے تاکہ طلبہ، اساتذہ اور خاندانوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جا سکے۔
پارکنگ قوانین معطل
اعلامیے کے مطابق پیر کے روز باری باری سڑک کی صفائی کے لیے گاڑی کھڑی کرنے کا قانون بھی عارضی طور پر معطل رہے گا تاکہ برف ہٹانے کا عمل تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔ متعلقہ حکام کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافے کی روک تھام کے لیے کڑی نگرانی اور فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
تمام محکمے الرٹ
شہری ہنگامی انتظامیہ، پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ، محکمہ صفائی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔ سڑکوں کی صفائی، کمزور طبقات کے تحفظ اور ضروری خدمات کی مسلسل فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔
شہریوں سے احتیاط کی اپیل
میئر نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ طوفان کے دوران گھروں میں رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بزرگوں اور ضرورت مند افراد کا خصوصی خیال رکھیں اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہیں۔ نیو یارک اور نیو جرسی میں سفری پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کنیکٹی کٹ اور میسا چوسٹس سمیت دیگر ریاستوں میں بھی ایمرجنسی نافذ ہے۔ شدید موسم کے باعث ملک بھر میں تقریباً 11 ہزار پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں۔ جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر روانہ ہونے والی 42 فیصد اور آنے والی 63 فیصد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ لاگارڈیا ائیرپورٹ پر بھی 47 فیصد پروازوں کی روانگی منسوخ ہو چکی ہے۔فیڈرل ایوی ایشن نے نیویارک کے ائیر پورٹس پر گراؤنڈ اسٹاپ کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ حکام کے مطابق بڑے طوفان کے باعث 24 انچ تک برف باری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے جس سے فضائی اور زمینی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے۔

