اسلام آباد:(صفدر حسین سے) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایت پر ایک شاندار ”پاکستان زندہ باد ریلی“ کا انعقاد کیا گیا جو گیٹ نمبر 1 سے شروع ہو کر وائس چانسلر آفس تک پرجوش انداز میں نکالی گئی۔ اس عظیم الشان ریلی کا مقصد پاک افواج کی جرات، قربانیوں اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا تھا۔ریلی کا اہتمام یونیورسٹی کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کیا جس میں یونیورسٹی کے اعلیٰ افسران، فیکلٹی ممبران، ملازمین، طلباء و طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار میں "پاکستان اور پاک فوج زندہ باد"کے نعرے بلند کرتے ہوئے افواج پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔رجسٹرار راجہ عمر یونس نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ حالیہ معرکے میں پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر ثابت کر دیا کہ یہ قوم اپنی خودمختاری، آزادی اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج(بری فوج، فضائیہ اور بحریہ)نے مثالی ہم آہنگی اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور انہیں منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ہمیشہ قومی یکجہتی، اتحاد اور اتفاق کو فروغ دیا جائے۔رجسٹرار راجہ عمر یونس نے اس موقع پر عوام اور دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا، بالخصوص چین کاجس نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے کر حقیقی دوستی کا ثبوت دیا۔اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے حاضرین سے نعرہ لگوایا''پاکستان ہمیشہ زندہ باد!''۔ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر، شیر آصف ستی نے ''پاکستان زندہ باد ریلی'' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہر محب وطن پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کی ہر سازش کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ شیر آصف ستی نے اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو تلقین کی کہ ملک اور ادارے کی ترقی کے لیے اتفاق، اتحاد اور محنت کو شعار بنائیں تاکہ پاکستان ہمیشہ زندہ و تابندہ رہے۔ڈاکٹر حافظ طاہر اسلام نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہماری افواج نے اپنے سے آٹھ گنا بڑی دشمن فوج کو ناکوں چنے چبوا دیے اور اُنہیں بدترین شکست سے دوچار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بری فوج اور فضائیہ کے جانبازوں نے جو مہارت، شجاعت اور قربانیوں کی تاریخ رقم کی، اسے پوری دنیا نے تسلیم کیا۔ڈاکٹر طاہر اسلام نے کہا کہ ہمارے سپہ سالار جو حافظِ قرآن بھی ہیں نے اپنے کردار و قیادت سے نہ صرف یہ حق ادا کیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔