گجرانوالہ:
بھارتی جارحیت کے خلاف گجرانوالہ کے تمام مسالک اور کرسچین کمیونٹی متحد ہوگئے اور اس حوالے سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی سے متعلق سیمینار منعقد کیا۔
ذرائع کے مطابق گجرانوالہ میں تمام مسالک، کرسچین کمیونٹی اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کے نام سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں تمام مکتبہ فکر، مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور اقلیتی نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء کی جانب سے بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا گیا۔شرکاء کا سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ ’’ہم اگلے مورچوں پر افواج پاکستان کے ساتھ مل کر اس ارض پاک کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘شرکاء نے کہا کہ بھارت جیسے بزدل اور مکار دشمن نے ہمیشہ رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، بہادر پاکستانی مسلح افواج کی دلیری کے باعث بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔ ہم خود کو اور اپنی اولادیں تک اس ارض پاک کی حفاظت کے لیے قربان کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر پل ہر لمحہ اپنی افوج کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم بھارتی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور کفر میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان کا مقابلہ کرسکے۔ وقت نے ہمیشہ ثابت کیا کہ بھارت دعوؤں میں جھوٹا ہے جبکہ اللہ نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا۔رہنما کرسچین کمیونٹی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو کبھی قبول نہیں کیا اور ہمیشہ اسے تباہ کرنے کی کھوج میں رہا، پاکستان کی حفاظت اس وقت پاک آرمی کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستانی عوام نے دشمن بھارت کے خلاف ہمیشہ افواج پاکستان کا ساتھ دیا۔