پاکستانی سیکیورٹی ترجمان کے مطابق بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ کے طیاروں نے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ پاکستانی فضائیہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اسکائی کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کا ایک جدید ترین رافیل طیارہ بھی تباہ کیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق پاکستانی مسلح افواج مکمل چوکس اور متحرک ہیں، اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور دشمن کی فضائی برتری کو چیلنج کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔
پاکستانی افواج کی طرف سے فضائی، زمینی اور دفاعی سطح پر ہائی الرٹ جاری ہے، جبکہ ملک کی فضائی حدود پہلے ہی 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ دفاعی ادارے ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔