پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد سالانہ پارلیمانی سماعت میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گیا
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد اقوامِ متحدہ کی سالانہ پارلیمانی سماعت میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گیا۔
نیویارک:(منظور حسین سے) سید یوسف رضا گیلانی پارلیمانی وفد کے ہمراہ 12 اور 13 فروری کو نیویارک میں منعقدہ سالانہ پارلیمانی سماعت میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اقوامِ متحدہ کے 80 سال مکمل ہونے پر منعقدہ عالمی پارلیمانی اجلاس میں پاکستان کا مؤثر کردار اجاگر کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ کی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر اور آئی پی یو کے صدر سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، سالانہ آئی پی یو پارلیمانی سماعت میں امن، پائیدار ترقی اور جمہوری حکمرانی پر اہم مکالمہ ہوگا۔چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی کی نیو یارک آمد کے موقع پر ان کا نیو یارک چمبر آف سمال بزنس کارپوریشن کے بانی سید علمدار حسین شاہ نے کمیونٹی کے مقامی قائدین ڈائریکٹر پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے ہمایوں شبیر اور ہیومین رائٹس کمشنر ناسا کاونٹی عذرا ڈار کے ساتھ استقبال کیا، انہیں پھول پیش کئے اور نیویارک آمد پر خوش آمدید کہا ۔ ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کمیونٹی کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور نیو یارک چمبر آف سمال بزنس کارپوریشن کے سینئر وائس پریذیڈنٹ چوہدری محمد سرور سے فون پر بات کی۔ سرور چوہدری نے بھی انہیں پارٹی اور کمیونٹی کی جانب سے امریکہ آمد پر خوش آمدید کہا۔بتایا گیا ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی عالمی فورم پر “پیکٹ فار دی فیوچر” اور کثیرالجہتی نظام کی مضبوطی پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ عالمی وعدوں کو قومی حقائق میں ڈھالنے اور جمہوری زوال کے چیلنجز پر پارلیمانی ذمہ داریوں پر غور ہوگا، اقوامِ متحدہ ہیڈکوارٹرز، نیویارک میں منعقدہ اجلاس میں دنیا بھر کے پارلیمنٹرینز اور سفارتکار شریک ہوں گے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ اور عالمی تعاون کے استحکام کے لیے متحرک کاوشیں کر رہے ہیں۔ سالانہ پارلیمانی سماعت 2026 قومی پارلیمانوں اور اقوامِ متحدہ کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کا اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گا، پاکستان عالمی چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور عوام دوست پالیسی سازی کی حمایت کرے گا۔

