البنی میں پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کے لیے ’پاکستان لیگ آف البنی‘ کا قیام
کیپیٹل ڈسٹرکٹ میں پاکستانی کمیونٹی کو متحد رکھنے، مسائل کے حل اور نوجوانوں و کاروباری طبقے کی مؤثر نمائندگی کے لیے نئی تنظیم تشکیل دے دی گئی
البنی، نیویارک (منظور حسین سے) : نیویارک اسٹیٹ کے دارالحکومت البنی میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی تعداد اور موجودہ حالات کے پیش نظر ایک نئی کمیونٹی تنظیم ’’پاکستان لیگ آف البنی‘‘ کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ نئی تنظیم کے قیام کا بنیادی مقصد کیپیٹل ڈسٹرکٹ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد رکھنا، ان کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرنا قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان لیگ آف البنی کے قیام کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا، کیونکہ کیپیٹل ڈسٹرکٹ میں گزشتہ عرصے کے دوران پاکستانی نژاد افراد اور خاندانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ نئی تنظیم کے ذریعے کمیونٹی کے مختلف طبقات کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے اور اجتماعی مسائل پر مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ تنظیم کے عہدیداران میں معروف کالم نگار محمد عرفان کو صدر مقرر کیا گیا، جبکہ اعجاز الحق سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ نوجوان نسل کی نمائندگی اور انہیں کمیونٹی سرگرمیوں میں فعال کردار دینے کے لیے عبدالاحد کو یوتھ سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح پاکستانی کاروباری برادری کے معاملات اور ان کے باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے سلمان خوشنود کو سیکریٹری بزنس کمیونٹی کی ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ مالی امور کی نگرانی کے لیے وقار فرخ کو سیکریٹری فنانس مقرر کیا گیا۔ طلبہ کے مسائل، تعلیمی سرگرمیوں اور نوجوان طلبہ کو کمیونٹی کے ساتھ جوڑنے کے لیے عاقب حامد اور طلحہ عزیز کو سیکریٹری سٹوڈنٹ افیئرز مقرر کیا گیا۔ تنظیم کے مشاورتی امور کے لیے حماد رضا اور ڈاکٹر امل حسنین کو ایڈوائزری بورڈ میں شامل کیا گیا، جبکہ اکبر خان کو پیٹرن ان چیف کی ذمہ داری سونپی گئی۔ پاکستان لیگ آف البنی کے قیام سے توقع کی جا رہی ہے کہ یہ تنظیم کیپیٹل ڈسٹرکٹ میں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقات کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ بنے گی۔ تنظیم کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی کے اجتماعی مسائل، نوجوانوں کے معاملات، کاروباری سرگرمیوں، طلبہ کے مسائل اور دیگر سماجی امور کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ کمیونٹی حلقوں نے نئی تنظیم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان لیگ آف البنی پاکستانی امریکن کمیونٹی کے اتحاد، باہمی تعاون اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تنظیم کے عہدیداران نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کمیونٹی کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے اور ان کے مسائل کو متعلقہ فورمز تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے

