اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے جدت کی جانب ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملک بھر کے اساتذہ، محققین اور طلباء و طالبات کو گھر بیٹھے کتابوں کی خریداری کے لئے آن لائن بک سٹور قائم کردیا جس میں یونیورسٹی کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگراموں کے تدریسی کتب دستیاب ہوں گے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے گذشتہ روز اس سٹور کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے، افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے پرنسپل افسران، ڈینز اور پروفیسرز شریک تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے بک سٹور سے کتابوں کی سلیکشن اور خریداری سے لے کر بلوں کی ادائیگی تک کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایات دیں۔ وائس چانسلر نے کسٹمر سروسز کو بہتر بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہدایت دی کہ کتب کے سرچ میں نام، کوڈز اور پروگرام وائز دینے کی آپشنز دئیے جائیں۔فنانشل مینجمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ کتب کے فروخت اور آنے والی رقوم کا ریکارڈ رکھا جائے۔ وائس چانسلر نے اِن ہدایات پر عمل درآمد اور آن لائن بک سٹور میں کتابوں کا خاطر خواہ ذخیرہ جمع کرنے اور کتابوں کی فروخت کے تمام طریقہ کار کو فعال بنانے کے لئے متعلقہ شعبہ جات کو 28 فروری کی ڈیڈ لائن دے دی۔واضح رہے کہ یونیورسٹی میٹرک، ایف اے اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگراموں میں داخل طلبہ کو درسی کتب ذریعہ ڈاک ارسال کرتی ہیں جبکہ باقی پروگراموں میں داخل طلبہ کودرسی کتب یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب کی گئی ہے، آن لائن بک سٹور کی سہولت اساتذہ اور محققین کے علاوہ تمام کتب دوست افراد کے لئے ہوگی۔ کیمپس کے اندر فزیکل بک سٹور بھی قائم ہے، طلبہ اپنی سہولت کے مطابق فزیکل اور آن لائن دونوں میں سے کسی بھی سٹور سے اپنی مطلوبہ کتب خرید سکیں گے۔آن لائن سٹور سے کتب آرڈر کرنے کے بعد کسٹمر بل کی ادائیگی کریں گے، مطلوبہ رقم کی ادائیگی پر یونیورسٹی اپنے کسٹمر کو کتب بذریعہ پاکستان پوسٹ ارسال کرے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے پاکستان پوسٹ کے ساتھ کتب کی ڈیلیوری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر بات کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی۔



