اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پاکستان۔ایران کے مذہبی و ثقافتی وابستگیوں پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو تعلیمی و ثقافتی سپورٹ فراہم کرنے کے لئے اپنے ہسٹری میوزیم میں ایران کے عظیم شاعر’حافظ شیرازی کارنر’قائم کردیا ہے۔

پاکستان میں ایران کے سفیر، ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے گذشتہ روز اس کارنر کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز کی صدرڈاکٹر فرحت آصف ، یونیورسٹی کے پرنسپل افسران اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ ایرانی سفیر، ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے فتح انقلاب اسلامی ایران کی 46ویں سالگرہ منانے اور ایرانی شاعر کے نام سے کارنر بنانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسی طرح کے اقدامات سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔

سفیر نے پاکستان کے ساتھ ایران کے دوستانہ تعلقات، بطور خاص تجارت، معیشت اور سلامتی جیسے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے ایران کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے تہذیب و تمدن کو نئی نسلوں تک پہنچانے کے لئے دونوں ممالک کی جامعات کے مابین اساتذہ کے تبادلہ پروگرام کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے فارسی زبان میں بات کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران تعلقات کو تعلیمی و ثقافتی سپورٹ فراہم کریں گے۔ ڈاکٹر فرحت آصف نے شیرازی کارنر کے قیام کے اغراض و مقاصد تفصیل سے بیان کئے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کی اس میوزیم میں ترکمانستان کے عظیم شاعر،مخدوم قلی فراغی کارنر بھی قائم کیا گیا ہے۔
