اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2025ء میں پیش کئے گئے میٹرک، انٹر اور بی ایڈ پروگراموں کے داخلوں کی 10فروری، 2025آخری تاریخ ہے، داخلوں کی تاریخ میں توسیع کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے اس لئے داخلوں کے خواہشمند طلبہ موقع سے فائدہ اٹھا کر خود کو مقررہ تاریخ تک رجسٹرڈ کروائیں۔ایسوسی ایٹ ڈگری(بی اے/بی کام)، بی ایس، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلے 17فروری تک جاری رہیں گے۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام پروگراموں میں پہلے سے داخل(جاری طلبہ)اپنی انرولمنٹ 24فروری تک کرسکیں گے۔تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔طلبہ کی سہولت کے لئے تمام پروگرامز میں داخلوں کی آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے تاہم میٹرک، ایف اے، ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایڈ پروگراموں میں داخلہ مینول طریقے سے بھی لیا جاسکتا ہے۔ اِن پروگرامز کے داخلہ فارم ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر سے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔داخلوں کے خواہشمند طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ لیٹ فیس سے بچنے کے لئے مقررہ تاریخوں تک اپنی انرولمنٹ کرائیں۔ طلبہ داخلوں کے عمل میں یونیورسٹی کے ریجنل آفسز سے مدد حاصل کرسکتے ہیں، علاقائی دفاتر میں اُن کی راہنمائی و معاونت کے لئے سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں۔