اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو مسلسل دوسری بار کامسٹیک انٹر اسلامک نیٹ ورک آن ورچوئل/اوپن یونیورسٹیز(سی آئی این وی یو)کی مجلس عاملہ کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔سی آئی این یو وی کی چوتھی جنرل اسمبلی کا اجلاس 4تا 5فروری، 2025ء تہران کی پیام نور یونیورسٹی میں منعقد ہوا جس میں 57اسلامی مماک کی اوپن یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔رکن ممالک نے اگلے چار سالوں کے لئے سی آئی این وی یو کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے نئے اراکین کا انتخاب کیا۔معیاری تعلیم میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی شاندار شراکت اور سی آئی این وی یو کے اندر فعال کردار کے اعتراف میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو متفقہ طور پر ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا، اس کے بعد منتخب کمیٹی کے اراکین نے پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو آئندہ مدت(2025-2029)کے لئے سی آئی این وی یو کی ایگزیکٹو کمیٹی کا چئیر/صدر منتخب کیا گیا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی 2018ء سے سی آئی این وی یو کا بانی رکن رہا ہے اور اب وہ مسلسل دوسری بار ایگزیکٹو کمیٹی کے صدر/چئیر کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے جس نے اسلامی دنیا میں ورچوئل اور اوپن ایجوکیشن کے فروغ میں اپنی قیادت اور عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اجلاس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی نمائندگی کررہے تھے، ڈائریکٹوریٹ آف کولبریشن اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجیدبھی اجلاس میں شریک تھے۔


