اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
ملک کو ابتدائی اور ثانوی درجے کی تعلیم دینے والے اساتذہ کی ضرورت ہے،اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی گذشتہ پانچ دہائیوں سے سکولز، کالجز اور جامعات کے لئے اساتذہ کو تربیت دے رہی ہے”اِن خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملک کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ایسا کوئی سکول، کالج یا یونیورسٹی نہیں ہوگی جس میں اِس قومی جامعہ کا تربیت یافتہ استاد تدریسی خدمات انجام نہ دے رہا ہو۔یونیورسٹی نے ابتدائی درجے کے اساتذہ کے لئے دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن(اے ڈی ای)جبکہ ثانوی درجے کے لئے ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز میں داخلے پیش کئے ہیں۔اے ڈی ای کے داخلوں کی آخری تاریخ 17فروری جبکہ بی ایڈ پروگرامز کے داخلہ فارمز 10فروری تک جمع کئے جاسکتے ہیں۔اِن تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، طلبہ کی سہولت کے لئے داخلہ فارم ملک بھر میں موجود یونیورسٹی کے کیمپسز اور سیل پوائنٹس پر بھی دستیاب ہیں، سیل پوائنٹس کے ایڈرسز یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کئے گئے ہیں۔اِن پروگرامز میں داخلے کے لئے اپلائی آن لائن اور مینول دونوں صورتوں میں کیا جاسکتا ہے۔داخلوں کے بارے میں مزید معلومات شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر کے ای میل
admn@aiou.edu.pk
یا یونیورسٹی کی ہیلپ لائن 468-112-111-051پر کال کرکے حاصل کی جاسکتی ہیں۔