بروکلین (منظور حسین سے)
کارٹریٹ جلوس کمیٹی کے زیر اہتمام کارٹریٹ نیوجرسی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کا تیسرا سالانہ عظیم الشان جلسہ 21ستمبربروز ہفتہ کو منعقد ہو گا-چیف آرگنائزر میلاد کمیٹی کے محمد طاہر سندھو ودیگر ممبران کمیٹی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پوری دنیا میں آمد رسول ﷺ کی خوشیاں منائی جارہی ہیں -پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکہ میں بھی 12ربیع الاول کو حضرت محمد مصطفی ﷺ کی آمد پر جلسے جلوس اور محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اس مرتبہ ہماری میلاد کمیٹی کا یہ تیسرا سالانہ جلوس ہے جو 21ستمبر بروز ہفتہ صبح دس بجے کارٹریٹ میئر آفس سے شروع ہو گا اور مسجد اسلام پر جا کر اختتام پذیر ہو گا
محمد طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ جلوس میں شرکت کرنے والوں کو تحائف بھی دیئے جائیں گے اور عمرہ کا ٹکٹ بھی دیا جائے گا -عمرہ کے ٹکٹ کا اعلان جلوس کے اختتام پر کیا جائے گا-انہوں نے اپنی تمام کمیونٹی سے درخواست کی ہے کہ آقائے مدینہ ﷺ کی آمد کی خوشی میں نکالے جانے والے اس جلوس میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ تشریف لے کر آئیں اور نبی پاک ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار پر جوش طریقے سے کریں -میلاد کمیٹی کارٹریٹ کے ممبران جن میں طاہر سندھو،عبدالمنعم شاہ،امام بلا ل خان،شیخ اشفاق،محمد داؤد،جاوید اقبال،فرحان قادری،محمد اورنگزیب اور محمد قریشی شامل ہیں جبکہ پیر سید صفدر حسین شاہ،پیر سید ڈاکٹر محمد علی رضا بخاری،علامہ مفتی زبیر حسین نقشبندی،ڈاکٹر شہباز احمد چشتی،پیر سید میر حسین شاہ،پیر سید ثقلین حیدر شاہ،قاری محمد اعجاز،محمد اصغر چشتی ودیگر حضرات عید میلاد النبی ﷺ کے اس عظیم الشان جلوس میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے