اسلام آباد: ( صفدر حسین سے ) وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام کے چئیرمین رانا مشہود احمد خان نے گذشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ” آرٹ آف پیرنٹنگ “ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے چلنے والا بچوں کی کردار سازی کا مربوط اور پُر عزم کارواں پورے پاکستان کی آواز بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقی اُن اقوام کا مقدر بنتی ہے جن کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی لگن اور تڑپ ہوتی ہے۔پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے بچوں کونیک، صالح اور کامیاب انسان بنانے کی اس کوشش پر رانا مشہود نے علامہ اقبال ا وپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کو مبارکباد ددی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز میں انہیں وہ پاکستان نظر آرہا ہے جس کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح نے جدوجہد کی، علامہ محمد اقبال نے خواب دیکھا اور ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی تھی۔ وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی پارلیمانی سیکرٹری، وجیہ اکرم نے بطور مہمان اعزاز تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی دولت سے نہیں، بچوں کو اچھا شہری بنانے سے ملتی ہے۔ وجیہ اکرم نے کہا کہ قوم کی تعمیر کی اس جدوجہد میں وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور دیگر پارٹنر آرگنائزیشنز کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ تقریب کے دوران علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اورر نیشنل کاؤنٹر ٹیرراازم اتھارٹی(نیکٹا)کے مابین ملک میں فروغ امن کے لئے مشترکہ کوششوں کے حوالے سے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔معاہدے پر یونیورسٹی کی جانب سے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید نے دستخط کئے جبکہ دوسری طرف سے نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر خالد چوہان نے دستخط کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد چوہان نے کہا کہ ہیومن ڈیولپمنٹ پر ہمارا خصوصی فوکس ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں انتہا پسند نظریات اور سوچ کے خلاف آگہی پھیلانا اور اس کی روک تھام کرنے میں گلوبلائزیشن اور سوشل میڈیا جیسے دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سائنس کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی تعلیمی منظر نامے کو آگے بڑھانے کے کام میں ہمیشہ فرنٹ فٹ پر رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ میں ماسٹر ٹرینرز کو بچوں کی تربیت کی ضروری مہارتیں سکھادی گئی ہیں۔ڈاکٹر محمد اطہر حسین نے کہا کہ اس ورکشاپ کے ٹوٹل 24سیشنز تھے، ہر روز چھ چھ سیشن منعقد ہوئے جس میں 75ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی گئی جو کمیونٹی میں جاکر ہم آہنگی، اخوت، پیار محبت کو فروموٹ کریں گے۔تقریب کے اختتام پرورکشاپ کے ماسٹر ٹرینرز میں اسناد تقسیم کئے گئے۔