ممتاز پاکستانی امریکن بزنس میں اور بسم اللہ آٹوز کے چیف ایگزیکٹیو ندیم عارف بٹ کی انجمن غوثیہ بروکلین نیویارک کے جلوس میں خصوصی شرکت


بروکلین، نیویارک: (منظور حسین سے) ممتاز پاکستانی امریکن بزنس مین اور بسم اللہ آٹوز کے چیف ایگزیکٹو ندیم عارف بٹ نے انجمن غوثیہ انٹرنیشنل، بروکلین، نیویارک کے زیر اہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوس میں خصوصی شرکت کی۔

 ندیم عارف بٹ کی جلوس میں شرکت پر منتظمین اور شرکاء نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت اور روحانی موقع ہے، جس کے ذریعے امتِ مسلمہ اپنے پیارے نبی ﷺ کی سیرتِ طیبہ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کو یاد کرتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے انسانیت کو محبت، اخوت، رواداری، عدل اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، جبکہ آج کے دور میں ان عظیم تعلیمات پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی اور دیگر مسلم کمیونٹیز کو اپنی مذہبی و ثقافتی روایات نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے ایسی محافل اور پروگراموں میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

 ندیم عارف بٹ نے انجمن غوثیہ انٹرنیشنل کی جانب سے جشنِ میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں مذہبی و روحانی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات مسلم کمیونٹی میں اتحاد، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 اس موقع پر انجمن غوثیہ انٹرنیشنل کے چیئرمین حضرت پیر سید صفدر حسین شاہ سمیت علماء کرام، مشائخ عظام، کمیونٹی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ جلوس کے شرکاء نے درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ جشنِ میلاد النبی ﷺ منایا۔ 

آخر میں ندیم عارف بٹ نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان اور امریکا میں امن و سلامتی اور پوری انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا کی اور انجمن غوثیہ انٹرنیشنل کی انتظامیہ، علماء کرام اور تمام شرکاء کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *