تویاما مسجد میں تاریخی قرآن خوانی ، جاپان بھر سے پاکستانی قوم اُمڈ آئی، ایک لاکھ 4 ہزار بار درود شریف، 10 ہزار بار یاحیی یاقیوم کا ورد اور متعدد ختم قرآن پاک،رفاقت خان کا کمیونٹی سے دلی اظہار تشکر
تویاما (طاہرحسین سے )
معروف پاکستانی رفاقت خان کی اہلیہ کے ایصال ثواب کیلئے گزشتہ اتوار کو تویاما مسجد میں ایک عظیم الشان قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں راجہ ریاض ، سید عابد شاہ، عرفان بٹ، ملک نور اعوان، ملک یونس، الحاج فواد مشتاق، عرفان صدیقی، اعجاز بھنڈر اور محمد اقبال ہزارے والے سمیت جاپان کے تقریبا ایک درجن سے زائد صوبوں میں آباد پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ صبح 11 بجے سے لیکر دوپہر 2 بجے تک جاری رہنے والی قرآن خوانی کے غم زدہ روحانی ماحول میں متعدد قرآن پاک پڑھ کر رفاقت خان کی زوجہ مرحومہ کو ایصال ثواب کیے گئے۔
دنیاانٹرنیشنل کے طاہر حسین اور سائتاما کین کوشی گایاکے رہائشی نوید احمد کے انتہائی قریبی دوست علی حمید نے راولپنڈی پاکستان سے ایک لاکھ درود شریف اور 5 پارے جبکہ متحدہ عرب امارات سے طاہر حسین کے قریبی دوست وسیم صدیقی نے 4 ہزار بار درود شریف اور 10 ہزار مرتبہ یاحیی یاقیوم کا ورد مرحوم راشد صمد خان اور رفاقت خان کی اہلیہ کو ایصال ثواب کیا ۔
قرآن خوانی میں شرکت کیلئے ٹوکیو، ناگویا، کاناگاوا، توچیگی، اباراکی ، سائتاما، می اے، گِفو، آئی چی، فُکوئی، کانازاوا، ناگانو اور فکوشیما سمیت سینکڑوں مقامی افراد نے بھرپور شرکت کی۔ ختم قرآن کی اس روحانی تقریب میں شرکت کے لیے توقع کے برخلاف باہر سے اسقدر لوگ تشریف لائے کہ مہمانوں کو بٹھانے کیلئے مقامی حضرات سے جگہ خالی کرنے کی خصوصی درخواست کئی بار کی گئی۔
تویاما مسجد کے وسیع وعریض ہال میں جہاں بیک وقت 300 سے زائد افراد کی باجماعت نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے وہاں تل دھرنے کو بھی جگہ باقی نہیں تھی اور لوگ انتہائی سُکڑ کر مگر اپنے بھائی کے غم میں برابر کے شریک انتہائی نظم و ضبط و ادب و احترام سے بیٹھے رہے۔
رفاقت خان نے دنیا انٹرنیشنل کیساتھ ایک خصوصی گفتگو میں تمام دوست احباب کی محبت کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری زوجہ مرحومہ کے ایصال ثواب کی غرض سے ختم قرآن پاک کی اس روحانی محفل میں دور ونزدیک سے آنے والے تمام بھائیوں کا میں دل سے احترام کرتا ہوں اور جس کے لیے میں تادم آخر ان سب دوست احباب کا ممنون و مشکور رہونگا۔