امریکی سرزمین پر احیائے دین کی خاطر کی جانے والی کاوشوں کیلئے مصروف عمل پاکستانی امریکن اور برطانوی شہری نوجوان عالم ومبلغ دین علامہ محمد مدثر حسین رضوی کی زیر قیادت محفل میلاد النبیؐ کی ایک خوبصورت محفل کا انعقاد کیاگیا
پاکستان کے جید عالم دین سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن اور برطانیہ سے تشریف لائے ممتاز عالم دین وپرنسپل وہیڈ لیکچرر جامعتہ صفاۃ الاسلام بریڈ فورڈ یو کے شیخ صاحبزادہ پیر محمد انوارالحق قادری الاظہری کی خصوصی شرکت
برونکس،نیویارک (منظور حسین سے)
برونکس میں عظمت اسلام کی نشانی جامع مسجد نورالہدی برونکس میں جشن عید میلادالنبیؐ کی ایک عظیم الشان محفل کا انعقاد کیاگیا-برطانیہ کی سرزمین پر پید اہونے والے اور امریکی سرزمین پر احیائے دین کی خاطر کی جانے والی کاوشوں کیلئے مصروف عمل پاکستانی امریکن اور برطانوی شہری نوجوان عالم ومبلغ دین علامہ محمد مدثر حسین رضوی کی زیر قیادت محفل میلاد النبیؐ کی ایک خوبصورت محفل کا انعقاد کیاگیا جس میں پاکستان کے جید عالم دین سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن اور برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے ممتاز عالم دین وپرنسپل وہیڈ لیکچرر جامعتہ صفاۃ الاسلام بریڈ فورڈ یو کے شیخ صاحبزادہ پیر محمد انوارالحق قادری الاظہری نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے خطاب میں حضور پاکؐ کی بعثت اور دنیا میں تشریف آوری کی برکات پر قرآن وحدیث کے حوالے سے روشنی ڈالی۔جشن عیدمیلادالبنیؐ کی اس عظیم الشان محفل میں ہیوسٹن سے تشریف لائے ہوئے نعت خواں حافظ کریم سلطان نے اپنی خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا۔اس روحانی محفل میں جہاں کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی وہاں امریکہ سے آئے ہوئے لوکل سکالرز اور علماء نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور حضور اقدسؐ پر درود وسلام بھیجتے رہے۔جشن عید میلاد النبیؐ کی محفل پاک سے خطاب کرتے ہوئے مفتی پاکستان مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ مسجد نور الہدیٰ میں بچوں کیلئے دین کا کام جاری ہے اس لیے اُن کیلئے مسجد نورالہدیٰ ایک بڑی مسجد کا درجہ رکھتی ہے،مفتی منیب الرحمن کا کہناتھا کہ مساجد دین کی دعوت اور تبلیغ کیلئے ہوتی ہیں،صرف نماز وغیرہ کیلئے نہیں‘انہوں نے مسجد نور الہدیٰ کے خطیب و امام کو ایک ایسے مشنری انسان کی صورت قرار دیا جو مشن کے طور پر اپنی زندگی دین کے لیے وقف کر بیٹھا ہو،مفتی صاحب کا کہنا تھا کہ اِنہیں فخر ہے کہ مولانامدثر حسین ترویج دین کو مقصد حیات کے طور پر ادا کر رہے ہیں،مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ آنحضور ؐ کا میلاد قرآن و حدیث سے ثابت ہے،اللہ نے خود آپکی دنیامیں تشریف آوری کی خبر دی اس لیے مسلمانوں کو آنحضور ؐ کی دنیا میں آمد کے موقع پر انہتائی خوشیاں منانا چاہیے‘برطانوی سر زمین سے تشریف لائے ہوئے ممتاز عالم دین پرنسپل اینڈ ہیڈ لیکچرر آف جامع سفا ۃ الاسلام بریڈ فورڈ علامہ مولانا محمد انوار الحق قادری الاظہری کا کہنا تھا کہ آنحضور ؐ کا میلاد منانا ہم سب کیلئے بڑی نعمت اور فخر کا مقام ہے۔ مولانا محمد انوارالحق کا کہنا تھا کہ آنحضور ؐ ایک مرتبہ مسجد نبوی میں تشریف لائے جہاں صحابہؓ تشریف فرما تھے پوچھنے پر صاحبہ ؓنے جواب دیا کہ اے اللہ کے نبی ہم مسجد میں اللہ سے آپ کی صورت میں عطا کی جانے والی نعمت کا شکر ادا کر رہے ہیں۔آپ ﷺ نے صحابہؓ سے فرمایا کہ تمہارے اس عمل سے اللہ بھی خوش ہے اور جبریل ؑ کو میرے پاس بھیجا ہے جنہوں نے آ کر مجھے بتایا کہ اللہ آپ کے اس عمل سے خوش ہے اور تم پر رحمت بھیجتا ہے معلوم ہوا کہ آپ ﷺ کا میلاد منانے والوں پر اللہ کی رحمتیں برستی ہیں اور میلاد منانا اللہ کی سنت بھی ہے،علامہ محمد انوار الحق کا کہنا تھا کہ وقت کہ عظیم عالم دین علامہ جلال الدین سیوتی ؒ کو اس بات کا اعزاز حاصل تھا کہ آپ نے آنحضور ﷺ کا دنیاوی آنکھوں سے 70 بار دیدار کیا۔آپ نے فرمایا کہ جو انسان دنیا میں اپنی دولت کا کچھ حصہ آنحضور ؐ کے میلاد پر صرف کرتا ہے تو قبر میں اس پر اپنی شفاعت کا باعث بنتے ہیں ”بقول علامہ جلال الدین سیوتی ؒ“جشن عید میلاد النبی ؐ کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد نور الہدیٰ کے امام و خطیب علامہ مولانا مدثر حسین نقشبندی کا کہنا تھا کہ مسجد نور الہدیٰ احائے دین کیلئے اپنے مشن پر گامزن ہے،جہاں پر پڑھنے والے بچوں کو قرآن مبین کی تعلیم انتہائی دینی محبت اور جذبہ سے فراہم کی جاتی ہے،مولانا مدثر حسین کا کہنا تھا کہ اُن کی زندگی کا مشن اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو دنیا میں پھیلانا ہے،اسی جذبہ سے وہ امریکی سر زمین پر تبلیغ دین کیلئے مصروف عمل ہیں،اس موقع پر مفتی منیب الرحمن اور علامہ محمد انوار الحق الاظہری کے ہاتھوں سے قرآن مجید اور ناظرہ کی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں میں خوبصورت اسناد بھی تقسیم کی گئیں،جن میں علی زاہد، فیضان سلمان، عماد زاہد، عماد شاہ، سرفراز، احمد اول، علی، سیسے اسالونی، کے علاوہ درجن کے قریب طلبہ میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔ علامہ محمدمدثر حسین نے اس موقع پر مسجد نورالہدیٰ کے صدر راجہ جاوید کی مسجد کیلئے کی جانے والی بیش قیمت خدمات کا اعطراف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے کبھی بھی اُن کے کام میں کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں کی اور ہمیشہ مسجد کی بہتری کیلئے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے، علامہ مدثر حسین کا کہناتھا کہ مسجد نور الہدیٰ میں درس نظامی کورس طلبہ کوپڑھایا جا رہا ہے جو کہ ایک عالم کورس کے برابر ہے، اُن کا کہنا تھا کہ وہ فقہ حنفی کی کتابوں کو سکول کے بچوں کی تعلیم کیلئے استعمال کر رہے ہیں‘مولانا مدثر حسین کا کہنا تھا کہ مسجد نور الہدیٰ میں فقہ حنفی سے تعلق رکھنے والے مستند ترین علماء کی فقہ اور حدیث پر مبنی کتب کو پڑھایا جا رہا ہے۔ علاوازیں عربی زبان پر بھی طلبہ کو عبور کرایا جا رہا ہے،خطابات سے قبل شہرہ آفاق ثناء خواں ﷺ جناب الحاج حافظ کریم سلطان صدیقی نے بارگاہ رسالت میں اپنی خوبصورت آواز میں حاضری پیش کر کے سما باندھے رکھا،مسجد نور الہدیٰ کے درو دیوار اس دوران نعرہ رسالت اور نعرہ تکبیر سے گونجتے رہے،محفل پاک کے آخرمیں حاضرین کیلئے مسجد انتظامیہ کی جانب سے لنگر کا خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔