تعلیم میں سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی منزل کی جانب تیزرفتار راستہ ہے۔ ڈاکٹر ناصر محمود
اسلام آباد : (صفدر حسین سے)
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے امریکی سفارتخانے کے ریجنل انگلش لنگوئج آفس کے تعاون سے پسماندہ پس منظر سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کے لئے پنجاب کے تین اضلاع(اٹک، میانوالی اور بھکر)میں ‘انگلش ایکسیس سکالرشپ ‘ پروگرام متعارف کردیا ہے۔دو سالہ یہ پروگرام اِن پسماندہ ترین علاقوں میں رہائش پذیر طلباء و طالبات کو اُن کی سماجی و اقتصادی چیلنجزکے باوجود انہیں روشن مستقبل کا راستہ فراہم کرتا ہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس پراجیکٹ کو پاکستان کے پسماندہ علاقوں کے غریب طلبہ کی آبیاری کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری پائیدار ترقی کی منزل کی جانب تیزرفتار راستہ ہے، انگلش ایکسیس پروگرام کے تحت ہم نہ صرف نوجوانوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرتے ہیں بلکہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ امریکی سفارتخانے کے ریجنل انگلش لنگوئج آفس کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک پر ہمیں خوشی ہے۔پروگرام ڈائریکٹر، ڈاکٹر امجد خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انگلش ایکسیس پروگرام دونوں اداروں(علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور امریکی سفارتخانے کے ریجنل انگلش لنگوئج آفس)کے تعلیمی مساوات اور سماجی نقل و حرکت کو فروغ دینے کے عزائم کو واضح کرتا ہے، اِس پراجیکٹ کے تحت ہم پاکستانی بچوں کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ڈاکٹر امجد کے مطابق 1800درخواستیں موصول ہوئی تھیں، شارٹ لسٹنگ، ٹیسٹ اور انٹرویوز کے بعد ہم نے خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر 250طلباء و طالبات کا انتخاب کیا۔یہ مکمل فری آف کاسٹ پروگرام ہے، اس میں بچوں کو سٹیشنری، کتابیں، ٹرانسپورٹیشن چارجز بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیں، بچوں کی کیپیسٹی بلڈ نگ سے متعلق تمام اخراجات پراجیکٹ ادا کرے گا۔ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن کے مطابق پاکستان کے نظر انداز شدہ علاقوں میں میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کررہی ہے، غریب اور مستحق طلبہ کو فیسوں میں رعایت اور سکالرشپس فراہم کرتی ہے، انگلش ایکسیس سکالرشپ پروگرام بھی یونیورسٹی کی اِن سماجی خدمات کا حصہ ہے۔