اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیم کے فروغ کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے، طلبہ کو مختلف جامعات کے داخلوں کے بارے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اُن میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لا نے کے لئے مختلف تقاریب کا انعقاد کرتی ہے، اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ایجوکیشن ایکپسو 2025ء کے انعقاد کی منظوری دے دی ہے جو آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام 26فروری کو اسلام آباد میں واقع یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منعقد ہوگی۔ایکسپو میں مختلف جامعات، صنعت و حرفت کے ادارے تعلیمی و صنعتی سٹالز لگائیں گے جو داخلوں کے حوالے سے معلومات فراہم کریں گے،جدید تحقیق، پائیدار ترقی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں انقلابی پیش رفتوں کو اجاگر کریں گے۔ تعلیمی و صنعتی سٹالز کے علاوہ کھانوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔ایکسپو کے ایک حصے میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کے مابین پوسٹر مقابلے کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔اپنی نوعیت کی اس بڑی تقریب کا سب سے دلچسپ حصہ، ایک حیرت انگیز قرعہ اندازی ہوگی جس میں خوش نصیبوں کو 50ہزار کیش انعام اور دیگر قیمتی انعامات ملیں گے۔قرعہ اندازی میں شامل ہونے کے لئے طلباء و طالبات یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن سے فوری رابطہ کریں اور یہ موقع ضائع نہ ہونے دیں۔ایکسپو میں آنے کے لئے انٹری فری ہوگی۔ سکولز، کالجز اور جامعات کے طلبہ کے ساتھ والدین بھی شرکت کرسکیں گے۔جڑواں شہروں کی فیمیلیز کو بھی ایکسپو میں آنے کی دعوت ہے۔