ٹوکیو: (طاہرحسین سے)
اے آر وائی اور کیو ٹی وی کے عالمی شہرت یافتہ نعت خوان حافظ عابدحسین چشتی ماہ ربیع الاول میں جشن میلاد و سیرت النبی صلی اللؔہ علیہ وسلم کی جاپان بھر میں ہونے والی محافل اور ٹوکیو ٹاور سے نکلنے والے سالانہ مرکزی جلوس میں خصوصی شرکت کیلئے جاپان پہنچ گئے ۔
شریعت محمدی کے مطابق جاپان میں رویت ہلال کا ہر ماہ باقاعدگی سے اعلان کرنے والی مرکزی رویت ہلال کمیٹی جاپان کے چیئرمین زینت القراء قائد اہلسنت قاری علی حسن نے اپنے رفقاء و ساتھیوں کی کثیر تعداد سمیت ناریتا ائرپورٹ پر انکا بڑی گرمجوشی سے پرتپاک شاندار استقبال کیا ۔
جناب حافظ عابد حسین چشتی ٹوکیو پہنچنے کے فوری بعد منی پاکستان یاشیو سٹی پہنچے جہاں معروف پاکستانی ریستوران الکرم پر سید الشہداء امام حسین علیہ سلام کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخش ہجویری رحمت اللؔہ علیہ کے 981 ویں عرس کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی عظیم الشان تقریب میں شرکت کی اور اپنی مسحورکن دلآویز خوبصورت آواز سے سامعین کے دلوں کو خوب روشن و منور کیا ۔
مشہور عالم دین ، سنئیر اسلامی سکالر اور امام ڈاکٹر سید عابد حسین شاہ کی زیرصدارت منعقد ہونے والی اس تقریب میں علامہ حافظ ومفتی محمد عزیز ، علامہ حافظ ومفتی محمد رضوان یوسفی اور علامہ و حافظ مولانا مطلوب احمد دامت برکاتہم سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
بعد ازاں الکرم ریستوران کے روح رواں ذولفقار علی و سید مشکور شاہ کے تعاون و نگرانی میں خصوصی طور پر تیار کئے گئے لذیذ و خوش ذائقہ کھانوں سے مہمانوں کی شاندار ضیافت کی گئی ۔