بروکلین نیو یارک :(منظور حسین سے)
جمعتہ المبارک کے بابرکت دن نیو یارک پولیس کے آن دی لائن آف ڈیوٹی شہید ہونے والے نوجوان پاکستانی امریکن افسر عدید فیاض کی دوسری برسی بروکلین میں واقع ایوب سلطان مسجد میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی، جس میں نیو یارک پولیس،سٹی کے اعلیٰ افسران سمیت کمیونٹی اور سٹی آف اسٹیٹ آفیشلز کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم شہید عدید فیاض کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
شہید عدید فیاض کی دوسری سالانہ برسی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ جس میں علامہ ترکشی عالم دین نے کہا کہ اللہ کا فرما ن ہے تم “شہید ہونے والوں کو ہر گز مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں جو تم نہیں جانتے” اس موقع پر نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شہید عدید فیاض کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے آن دی لائن آف ڈیوٹی جام شہادت نوش کر کے ناصرف پاکستانی امریکن بلکہ امریکہ بھر میں بسنے والے ہر مذہب اور ہر مکتبہ فکر کے افراد کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔اس موقع پر شہید عدید فیاض کے والد گرامی صداقت عدید نے کہا کہ وہ نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ،پاکستانی امریکن کمیونٹی اورڈائیورس کمیونٹی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ان کے صاحبزادے شہید عدید فیاض کو نہیں بھلایا اور نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا ہر سپاہی ان کے اپنے بیٹے کی طرح ہے انہوں نے نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کی شہادت ضائع نہیں جائے گی۔
اس موقع پر نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شہید عدید فیاض کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی جام شہادت کیوجہ سے نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ڈیپارٹمنٹ کا سر فخر سے بلند ہے‘اور ان کی لیگیسی کو زندہ رکھا جائے گا۔تقریب میں ڈی ٹیکٹیو رائل خالد نیو یارک پولیس ساؤتھ کے چیف چارسمک کوئے، چیف مورگن جبکہ اسمبلی وومین جینیفر راجکمار کے علاوہ سینکڑوں پولیس افسران اور کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس تقریب میں شہید عدید فیاض کے ننھے صاحبزادوں ایان اور شایان اور ان کی اہلیہ مدیحہ بھی موجود تھیں جبکہ فیملی کے درجنوں افرادنے بھی شہید عدید فیاض کی دوسری برسی میں شرکت کی۔