سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں چل بسے، امریکی ٹی وی
نامور امریکی امریکی ٹیلی ویژن چینل سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں چل بسے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق معروف امریکی بزنس مین، میڈیا ٹائیکون اور ماحولیاتی کارکن ٹیڈ ٹرنر کے انتقال کی خبر سی این این نے ٹرنر انٹرپرائزز کے جاری کردہ بیان کے حوالے سے دی جس میں انکی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ٹیڈ ٹرنر نے اپنے والد کے بل بورڈ بزنس کو سنبھال کر میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا اور 1980 میں سی این این قائم کیا، جو دنیا کا پہلا 24 گھنٹے نشر ہونے والا نیوز چینل تھا۔ بعدازاں انہوں نے ٹائم وارنر کے ساتھ اپنی کمپنی کا انضمام کیا اور امریکا کی سب سے طاقتور میڈیا شخصیات میں شمار ہوئے۔وہ امریکا کے بڑے تاجروں میں سے ایک تھے جو ماحولیات کے لیے بھی سرگرم رہے، انہوں نے اقوام متحدہ کو ایک ارب ڈالر عطیہ کیا، جو تاریخ میں ایک بڑی مثال ہے۔ٹیڈ ٹرنر نے کھیلوں میں بھی دلچسپی لی، وہ اٹلانٹا بریوز بیس بال ٹیم اور اٹلانٹا ہاکس باسکٹ بال ٹیم کے مالک رہے۔ان کی زندگی میں کئی تنازعات بھی آئے، جن میں میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک کے ساتھ طویل کشیدگی شامل ہے۔ٹیڈ تین بار شادی شدہ رہے، جن میں اداکارہ جین فونڈا کے ساتھ شادی بھی شامل ہے۔ نامور میگزین فوربز کے مطابق ٹیڈ ٹرنر کی دولت کا تخمینہ 2.8 ارب ڈالر تھا۔

