جشن میلادالنبیﷺ ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام اور روحانی کیفیت کے ساتھ منایا جا رہا ہے ہر سو سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور درود و سلام کی صداؤں نے سماں باندھ دیا ہے۔

یوم ولادت رسول ﷺ کے موقع پر لاہور میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کے محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے نمازِ فجر کے بعد 21 توپوں کی سلامی پیش کی اس موقع پر فوجی جوانوں کی جانب سے نعرہ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں کی گلیاں، محلے، بازار اور شاہراہیں خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجادی گئی ہیں، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا اور صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے کے قریب برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پر عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔دوسرا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر نشتر پارک میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *