چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان نے مکار دشمن کو بروقت اور بھرپور جواب دیا۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں سیز فائر خوش آئند ہے، ایسے اقدامات کیے جائیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی کے ساتھ بھی سیاسی سیز فائر ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت کے لیڈر ہیں اور وہ جیل میں ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے پارٹی قیادت اور کارکن ملاقات نہیں کرسکتے، اس قومی یکجہتی میں ہم چاہتے کہ مضبوطی اور یقینی کے ساتھ ہوں۔اُن کا کہنا تھا کہ بھارت جارحیت سے باز نہیں آرہا تھا، پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا، قوم نے بھارت کو سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر جواب دیا ہے۔بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے مکار دشمن کو بروقت اور بھرپور جواب دیا، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جو بھارت کو جواب دیا وہ پوری دنیا نے دیکھا، بھارت نے آئندہ کوئی جارحیت کی تو تب بھی ایسا سخت جواب آئے گا۔