اسلام آباد: (صفدر حسین سے )
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں 15روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مصنفین گذشتہ روز شروع ہوئی، اس تربیتی ورکشاپ میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مذہبی مصنفین کتابیں اور آرٹیکلز لکھنے کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔

افتتاحی سیشن کی صدارت، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کی جبکہ جامعہ المصطفٰی العالمیہ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر کاظم سلیم مہمان خصوصی تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے کہا کہ دنیا بڑی تبدیلی کی طرف جا رہی ہے اور مصنفین کے لئے اس پیراڈائم شفٹ کو سمجھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیراڈائم شفٹ کے تحت ہمیں بہت ساری سہولتیں حاصل ہوچکی ہیں، ہمیں سمجھنا ہوگا کہ اِن سہولتوں کو کیسے ہینڈل کیا جائے اور اس سے کیسے استفادہ کیا جائے۔

ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے مزید کہا کہ اس ورکشاپ میں موضوع تحقیق کا انتخاب،خاکہ تحقیق، تحقیقی مقالے کا فارمیٹ، تحقیقی مواد کا تجزیہ، مقالہ کی جلد بندی، اقتباسات، حواشی، حوالہ جات، کتابیات اور ادب الاختلاف جیسے دیگر موضوعات زیر بحت آئیں گے۔ڈاکٹر کاظم سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے اندر تحقیقی و علمی منصوبے ناپید ہیں، لیکن علمی شخصیات کی وابستگی کی وجہ سے چند ایک اداروں میں علمی تقریبات تسلسل سے منعقدہورہی ہیں جن میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سرفہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ المصطفٰی العالمیہ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر اِن سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام شعبہ فکر اسلامی تاریخ و ثقافت، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور جامعہ الامصطفٰی العالمیہ نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ اوپن فورم میں تربیتی مصنفین نے علمی، دینی و تصنیفی خدمات کے ساتھ اپنا اپنا تعارف کیا۔یاد رہے کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی ہدایات پر یونیورسٹی میں پروفیشنل ڈیولپمنٹ کی تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ جاری ہے، یہ ورکشاپ بھی اس سلسلے کی کڑی تھی۔
